Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو ڈرائیور کے اقامے کی تجدید، ٹریفک چالان کی ادائیگی کس کی ذمہ داری؟

گھریلو ڈرائیور کو گاڑی چلانے کا اختیار نامہ جاری کیا جاتا ہے( فوٹوٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے گھریلو کارکنان جن میں فیملی ڈرائیور، چوکیدار، ملازمہ وغیرہ شامل ہیں کے حقوق کا بھی اسی طرح تحفظ کیا گیا ہے جس طرح تجارتی اداروں کے کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔
سائق خاص( گھریلو ڈرائیور) کے اقامہ پرمقیم ایک غیرملکی نے دریافت کیا کہ ’میں کفیل کی گاڑی چلاتا ہوں ٹریفک خلاف ورزی میرے اقامہ نمبرپرریکارڈ ہوئی ہے، کفیل کا کہنا ہے کہ چالان ادا کرو تاکہ اقامہ تجدید کرایا جاسکے ؟ کیا چالان کی ادائیگی کے بغیر اقامہ تجدید ہوسکتا ہے؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ ٹریفک چالان ہوں یا کسی اورقسم کی خلاف ورزی اقامہ کی تجدید اسی وقت ممکن ہوسکتی ہے جب تک چالان کی رقم ادا نہ کی جائے یا درج شدہ خلاف ورزی ختم نہ کرائی جائے‘۔ 
واضح رہے جو افراد سائق خاص کے اقامہ پرہوتے ہیں ان کے کفیل ادارہ ٹریفک پولیس کے سسٹم میں ڈرائیور کو گاڑی چلانے کا اختیار نامہ جاری کرتا ہے جسے عربی میں ’تفویض ‘ کہا جاتا ہے۔ 
گاڑی چلانے کے لیے این اوسی کا مقصد یہی ہے کہ ڈرائیور سے کسی قسم کی خلاف ورزی ہونے پرچالان کی رقم ادا وہی کرے گا جس سے خلاف ورزی ہوئی ہو۔ 
اس صورت میں جب تک ٹریفک چالان ادا نہیں کیاجائے گا اس وقت تک اقامہ تجدید نہیں ہوسکتا اورنہ خروج وعودہ یا خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے۔ 
خیال رہے ٹریفک خلاف ورزی پرہونے والا چالان اگرڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے ہوا ہے تو اس صورت میں چالان کی ادائیگی بھی ڈرائیور کے ذمہ ہی ہوگی کیونکہ اس نے خلاف ورزی کی اوراس کا خمیازہ بھی اسی کو بھگتنا ہوگا۔ چالان کی ادائیگی سے کفیل کا کوئی تعلق نہیں۔  
اس طرح کے معاملات کومستقل بنیادوں پرحل کرنے کےلیے ٹریفک پولیس کی جانب سے ’تفویض‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ اختلافات کی صورت پیدا نہ ہوں کیونکہ جس نے اپنی غفلت سے ٹریفک خلاف ورزی کی ہوگی جرمانہ بھی اسی کے ذمہ ہونا چاہیں۔ 

اقامہ کی تجدید اسی وقت ممکن ہے جب جرمانہ ادا کیا جائے( فوٹو ایس پی اے)

 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’میرا اقامہ ایکسپائرہونے میں پانچ دن باقی رہ گئے ہیں مگرمسئلہ یہ ہے کہ جوازات کے مرکزی سسٹم میں میری فائل پر’ایقاف خدمات‘ (فائل سیز) ہے کیا اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے‘؟ 
سوا ل کے جواب میں جوازات کا کہنا ہے کہ’ ایقاف خدمات کی وجہ سے اقامہ کی تجدید اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک اس مسئلے کو حل نہ کیا جائے اور ایقاف خدمات کو ختم نہ کیاجائے‘۔ 
’ایقاف خدمات جس خلاف ورزی کی وجہ سے عائد کی گئی ہو اسے ختم کرنا ضروری ہوتا ہے‘۔  
واضح رہے جوازات کے سسٹم میں غیرملکی کارکن کی فائل کو مختلف وجہ کی بنیاد پرسیز کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے قانون کے مطابق اگرکسی پرقرضہ واجب الاد ہواورقرض دینے والے نے عدالت سے درخواست کی ہو اوروہاں ثابت ہوا ہو کہ قرضہ واجب الاد ہے۔ اس صورت میں بھی فائل سیز کی جاسکتی ہے۔ 
دوسری ٹریفک خلاف ورزیوں پرچالان کی ادائیگی باقی ہو اس صورت میں بھی فائل سیز ہوتی ہے۔ مالی لین دین کے حوالے سے جب تک ادائیگی نہ کی جائے اس وقت تک فائل اوپن نہیں کی جاتی۔

شیئر: