سعودی عرب کی 40 اے 350 طیارے خریدنے کے لیے ایئربس سے بات چیت
نئی سعودی ایئرلائن کا مرکز دارالحکومت ریاض ہوگا۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
ایوی ایشن انڈسٹری کے ذرائع نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایک نئی ایئرلائن شروع کرنے اور خلیج میں ہیوی ویٹ کیریئرز رکھنے والوں کو چیلنج کرنے کے لیے یورپ کی طیارے بنانے والی کمپنی ایئربس سے تقریباً 40 اے350 طیاروں کا آرڈر دینے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تصدیق ہو جاتی ہے تو 12 ارب ڈالر مالیت کے خودمختار پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے ذریعے خریداری کا اعلان اس ہفتے کے اوائل میں، جب ریاض ایک بڑے فورم فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی میزبانی کرے گا، کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا بوئنگ نئی ایئرلائن جسے ریا (آر آئی اے) کا نام دیا گیا ہے، کے لیے خریداری کی فہرست کا زیادہ حصہ لے جائے گا۔
مذاکرات سے واقف ایک ذریعے نے خبردار کیا کہ یہ ’ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔‘
پی آئی ایف تقریباً 75 طیارے خریدنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے اور ایک اور ذریعے نے کہا کہ مملکت بوئنگ 787 کی طرف جھکاؤ رکھتا ہے۔
ایئربس اور نہ ہی بوئنگ نے اس خبر کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔ پی آئی ایف نے بھی فوری طور پر روئٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ذرائع میں سے ایک کا کہنا تھا کہ کسی بھی تجارتی معاہدے کو ابھی بھی سیاسی منظوری حاصل کرنی چاہیے۔
ایوی ایشن انڈسٹری کے دو ذرائع کے مطابق سپلائر کے انتخاب کو بڑے پیمانے پر سیاسی طور پر دیکھا جاتا ہے کیونکہ واشنگٹن کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی عرب اپنی جگہ بنا رہا ہے۔
نئی ایئرلائن کا مرکز دارالحکومت ریاض ہوگا جبکہ سرکاری ایئرلائن جدہ سے آپریٹ کرے گی۔