Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کہیں تو ایک منٹ میں اسمبلی توڑ دیں گے: ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی 

خیبر پختونخوا کے تینوں حلقوں سے عمران خان نے اتخاب لڑا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
صوبہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان نے کہا ہے کہ اگر پارٹی چیئرمین عمران خان کہیں تو ایک منٹ کے اندر اسمبلی توڑ دیں گے۔
اردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ڈپٹی سپیکر محمود جان نے کہا کہ ’اگر عمران خان صبح کہیں تو ہم ایک منٹ کے اندر مستعفی ہو کر اسمبلی توڑ دیں گے۔  ہمیں بس اشارہ چاہیے، مستعفی ہوکر اسمبلی توڑ دیں گے۔‘
مبینہ آڈیوز لیک ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’اگر ہمارے ارکان کے فون ریکارڈ ہو بھی رہے ہیں تو مجھے کو ئی ڈر نہیں ہے، کیونکہ ڈرتا وہی ہے جو غلط ہے۔‘
ڈپٹی سپیکر کا کہنا تھا کہ لانگ لانگ مارچ کی بھرپور تیاری ہے اور صرف کارکن ساتھ لے کر جائیں گے۔ نہ پہلے فورس استعمال کی تھی اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔
ڈپٹی سپیکر محمود جان نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حلقے میں مقبولیت کا حوالہ دیتے کہا کہ ’اگر وہ پنسل کو ٹکٹ دیتے ہیں تو وہ بھی بھاری ووٹوں سے جیت جائے گا۔ اس صوبے میں ووٹ صرف عمران خان کے نام پر ملتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’اپوزیشن جماعتیں میرے بارے میں کہتی ہیں کہ میری دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ اللہ کا شکر ہے میں ٹھیک ٹھاک ہوں اور میرا کردار نیوٹرل کا ہے۔ رولز کے مطابق اسمبلی کی کارروائی ہوگی اور کوئی بھی مجھ پر دباؤ نہیں ڈال سکتا۔‘
انہوں نے تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے صرف عہدے کے لیے پارٹی چھوڑی ہے اور آئندہ انتخابات میں اپنے حلقے میں بھی جانے کے قابل نہیں ہوں گے۔
’میں دعوے سے کہتا ہوں ان سب کو عبرت ناک شکست دیں گے۔‘

شیئر: