عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی جارحیت رکوائے، او آئی سی کا مطالبہ
منگل 25 اکتوبر 2022 19:47
مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران چھ فلسطینی ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوئے ہیں( فائل فوٹو اے ایف پی)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے نابلس پراسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ’ اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔‘
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے نابلس شہر پر اسرائیل کےحملے کو وحشیانہ قرار دیا۔
او آئی سی کا کہنا ہے کہ’ یہ حملہ اور اس سے قبل دیگر حملے فلسطینی عوام، ان کی سرزمین اور مقدس مقامات پر اسرائیل کی ننگی جنگی جارحیت کے دائرے میں آتے ہیں۔ اس کا تقاضا ہے کہ حملوں کی تحقیقات اور ذمہ دار فریق کا احتساب کیا جائے‘۔
او آئی سی نے بیان میں کہا کہ ’فلسطینیوں پر مسلسل حملوں کی تمام تیر ذمہ داری قابض طاقت اسرائیل پرعائد ہوتی ہے‘۔
او آئی سی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ’اسرائیل کے جارحانہ حملے رکوانے کے لیے فوری مداخلت اور فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے‘۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران چھ فلسطینیوں کو ہلاک جبکہ 20 کو زخمی کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فلسطین کی وزارت صحت کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ ہلاکتیں نابلس میں منگل کی صبح ہوئی ہیں۔
قوام متحدہ کے مطابق رواں برس کے آغاز کے بعد سے اب تک لگ بھگ 100 فلسطینی شہری جن میں جنگجو بھی شامل ہیں، ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ گزشتہ سات برس میں مغربی کنارے میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔