Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نابلس دھماکے میں فلسطینی عسکریت پسند ہلاک

فلسطین کی فتح تحریک نے اس ہلاکت  کو 'بزدلانہ قتل' قرار دیا ہے۔ فوٹو روئٹرز
فلسطین کےعلاقے نابلس میں اتوار کو ہونے والے دھماکے میں ایک فلسطینی عسکریت پسند ہلاک ہو گیا ہے جس کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اس الزام پر خاموش ہے کہ قتل کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق  فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ثامر ال کلیانی کو فلسطین میں شمال مغربی کنارے کے پرانے شہر نابلس میں گذشتہ رات ایک دھماکے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
فلسطین پولیس کے انسپکٹر نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ثامر کلیانی نابلس دھماکے میں جاں بحق ہوا ہے اور اس علاقے میں حالیہ مہینوں میں لائنز ڈین (شیروں کی کچھار) کے نام سے عسکریت پسند گروپ ابھرا ہے۔
عسکریت گروپ نے ثامر کو اپنے سینئر ساتھیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اس کی ہلاکت کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے اور اسے ٹارگٹڈ دھماکے سے تعبیر کیا ہے۔
گروپ نے ایک ٹیلی گرام میں لکھا ہے کہ قابض اسرائیل نے ایک ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کر کے عسکریت پسند کو ہلاک کیا ہے۔

عسکریت گروپ نے اس ٹارگٹڈ دھماکے کا  اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا  ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اتوار کو ہونے والے دھماکے کی جگہ کی فوٹوز میں دکھایا گیا ہے کہ ایک موٹر سائیکل کی جلی ہوئی باقیات کے گرد فلسطینی باشندے جمع ہیں، موٹر سائیکل پر مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد لدا ہوا تھا۔
ایک اور فوٹو میں نابلس کے رفیدیا ہسپتال میں ثامر کلیانی کی ماں اور بہن اس کی میت کے قریب کھڑی دکھائی گئی ہیں۔
اے ایف پی کے رابطہ کرنے پر اسرائیلی فورسز نے اس قتل میں ملوث ہونے کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اسرائیلی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فلسطینی عسکریت پسند اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے والے حملوں میں ملوث تھا اور اس سے قبل ثامر کو اسرائیل نے جیل بھی بھیجا تھا۔

رواں ماہ 19 فلسطینی جاں بحق اور دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو ئے ہیں۔ فوٹو روئٹرز

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کی طرف سے شائع کردہ ایک بیان میں تحریک فتح نے اس ہلاکت  کو 'بزدلانہ قتل' قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال اسرائیلی فوج کے حملوں میں درجنوں فلسطینی عسکریت پسند اور عام شہری مارے جا چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق  شمالی مغربی کنارے سے ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ   اسرائیلیوں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کے خلاف اسرائیلی افواج  ہر وقت اور ہر جگہ آپریشن جاری رکھے گی۔
اے ایف پی کے مطابق رواں ماہ اکتوبر ہونے والی مختلف جھڑپوں میں  اب تک 19 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ  دو  اسرائیلی فوجی ہلاک ہو ئے ہیں۔
 

شیئر: