اسرائیلی فورسز کے مغربی کنارے میں چھاپے، چھ فلسطینی ہلاک
منگل 25 اکتوبر 2022 10:46
حالیہ چند ماہ سے مغربی کنارے کے شمالی علاقوں بالخصوص نابلس اور جنین میں شدید جھڑپیں جاری ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران چھ فلسطینیوں کو ہلاک جبکہ 20 کو زخمی کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فلسطین کی وزارت صحت کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ ہلاکتیں نابلس میں منگل کی صبح ہوئیں۔
دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ نابلس شہر میں ہلاک ہونے والوں میں ودیع الحوح نامی عسکری لیڈر بھی شامل تھا جو فلسطینی جنگجوؤں کے نئے اتحاد ’عرین الاسود‘ کا سربراہ تھا۔
اس سے قبل فلسطین کی وزارت صحت نے تین افراد کی ہلاکت جبکہ 19 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
بعدازاں جاری کیے گئے بیان میں مزید تین فلسطینیوں کی ہلاکت کی اطلاع بھی دی گئی۔
اسرائیلی فورسزز کا موقف ہے کہ انہوں نے پولیس اور انٹیلیجنس اہلکاروں کی مدد سے ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جو فلسطینی جنگجگو گروپ ’عرین الاسود‘ کے زیر استعمال تھے۔
اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کارروائی کے وقت جنگجو اسلحہ سازی کی تربیت حاصل کر رہے تھے۔‘
خیال رہے کہ 1967 میں اسرائیل نے فلسطین کے علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور حالیہ چند ماہ سے مغربی کنارے کے شمالی علاقوں بالخصوص نابلس اور جنین میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق رواں برس کے آغاز کے بعد سے اب تک لگ بھگ 100 فلسطینی شہری جن میں جنگجو بھی شامل ہیں، ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ گزشتہ سات برس میں مغربی کنارے میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔