یمن میں متاثرین کی مدد کے لیے رضاکارانہ پلاسٹک سرجری مہم کا آغاز
رضا کار طبی ماہرین نے اب تک 15 سرجریز کی ہیں ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات نے یمن کے سقطری گورنریٹ میں جلنے والے متاثرین کی مدد کے لیے رضاکارانہ پلاسٹک سرجری مہم کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ مہم 28 اکتوبر تک جاری رہے گی نے مختلف طبی ماہرین سے تعلق رکھنے والے 13 رضاکاروں کو راغب کیا جنہوں نے اب تک 15 سرجریز کی ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ یہ مہم یمن میں ہیلتھ کیئر کے شعبے میں سعودی عرب کی حمایت کا حصہ ہے‘۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے موبائل کلینکس نے الحدیدہ میں ستمبر کے دوران 41 ہزار 496 مریضوں کا علاج کیا اور 15 ہزار 733 مریضوں کو ادویات فراہم کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اپنے قیام کے بعد سے خوراک،صحت اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر5.7 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔