Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب نے 200 ملین ڈالر مالیت کا تیل یمن بھیج دیا

یمنی حکومت کو 70 سے زیادہ بجلی گھر چلانے میں مدد ملے گی( فوٹو ایس پی اے)
 سعودی عرب نے یمن میں بجلی گھر چلانے کے لیے 200 ملین ڈالر مالیت کا ڈیزل اور مازوت عدن آئل پورٹ بھیجا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ای س پی اے کے مطابق یمنی حکومت نے ملک بھر میں 70 سے زیادہ بجلی گھر چلانے کے  لیے ڈیزل اور مازوت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ 
سعودی حکومت نے پہلی قسط کے طور پر 45 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل اور 30 ہزار میٹرک ٹن مازوت مواد یمن بھیجا ہے۔ اس سے بجلی گھر چلانے میں مدد ملے گی جس سے ہسپتال، طبی مراکز، سکول ، سرکاری تنصیبات، ایئرپورٹس اور بندرگاہوں کو سہولت ہوگی۔ تجارت اور خطے کی معیشت میں بھی اضافہ ہوگا۔

سعودی عرب  4.2 ارب ڈالر مالیت کا فیول یمن کو فراہم کرچکا ہے(فوٹو ایاس پی اے) 

سعودی تیل بردار جہاز کے عدن پہنچنے پر پورٹ پر تقریب میں یمنی وزیر بجلی و توانائی انجینیئر مانع یسلم بن یمین، وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر وعد باذیب ، سعودی پروگرام برائے تعمیر و ترقی برائے یمن کے ڈائریکٹر انجینیئر احمد المدخلی، عدن کے سیکریٹری جنرل بدر معاون، عدن آئل ریفائنری کمپنی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انجینیئر احمد مسعد، النفط کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق الولیدی، معاون سیکریٹری وزارت بجلی محمد عشال، الیکٹرانک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سالم الولیدی، النفط کمپنی کے عدن میں ڈائریکٹر ڈاکٹر صالح الجریری اور مرکزی نگراں ادارے کے سیکریٹری عبدالکریم المنیفی موجود تھے۔
یمنی وزیر نے کہا کہ ’سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں جو مختلف شعبوں میں یمنی عوام کی مدد کررہی ہے۔ سعودی امداد سے ہمارے بجلی گھر چل سکیں گے اور بجلی سیکٹر کے مسائل حل ہوں گے‘۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب اس حوالے سے اب تک مجموعی طور پر 4.2 ارب ڈالر مالیت کا فیول یمن کو فراہم کرچکا ہے۔ 

شیئر: