عمرہ ویزے کی مدت تین ماہ، ’زائرین مدت ختم ہونے سے پہلے واپس جائیں‘
اتوار 30 اکتوبر 2022 5:26
نسک پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن ویزوں کا اجرا آسان بنایا گیا ہے ( فائل فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے تصدیق کی ہے کہ ’بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ ویزا 30 کے بجائے 90 دن کا ہے تاہم زائرین کو ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے روانگی کو یقینی بنانا ہو گا۔‘
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ’وزارت کی جانب سے عمرہ ویزے کی مدت کو 30 دن سے بڑھا کر 90 دن تک کردیا گیا ہے۔‘
اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ ’عمرہ ویزے پر بیرون ملک سے آنے والوں کو چاہیے کہ وہ مقامی قوانین کا خیال کرتے ہوئے عمرہ کی ادائیگی اور زیارت مسجد نبوی کے بعد ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے ملک لوٹ جائیں تاکہ قوانین شکنی کے مرتکب نہ ہوں۔‘
یاد رہے کہ سعودی وزیر حج نے کہا تھا کہ ’نسک پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن عمرہ و زیارت ویزوں کا اجرا آسان بنادیا گیا ہے۔ اب زیادہ آسانی اور تیزی سے عمرہ ویزے جاری کرنا ممکن ہو گیا ہے۔‘
’پہلے عمرہ ویزے کا دورانیہ ایک ماہ ہوتا تھا۔ اب دنیا کے کسی بھی ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو تین ماہ تک مملکت میں قیام کی سہولت دی گئی ہے۔‘
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’اعتمرنا’ ایپ کی جگہ ’نسک‘ ایپ کا اجرا سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے کیا ہے۔
نسک ایپ کو وزارت حج وعمرہ اور سیاحت اتھارٹی کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے نیز اس میں مختلف قسم کے پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں۔
نسک کے ذریعے عمرہ زائرین ویزے کے علاوہ سفر کے لیے تمام ضروری اشیا، پیکیجز، ہوٹل اور ٹیکسی وغیرہ کی بکنگ اور دیگر خدمات بک کرا سکتے ہیں۔
ایپ کے ذریعے عمرہ کمپنیاں بھی اپنی سروسز فراہم کریں گی جبکہ پہلے کام کرنے والی ویب سائٹ ’مقام‘ بھی وقتی طور پر کام کرتی رہے گی۔