مسجد نبوی میں سہولیات اور خدمات پر زائرین کا خراج تحسین
مسجد نبوی میں سہولیات اور خدمات پر زائرین کا خراج تحسین
اتوار 30 اکتوبر 2022 15:20
عمرہ سیزن میں مدینہ منورہ آنے والوں میں سرفہرست انڈونیشیا کے زائرین ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
مسجد نبوی میں آنے والے زائرین کے ایک گروپ نےعمرہ کی نیت سے مملکت آنے والوں کی آسانی کے پیش کی جانے والی گراں قدر خدمات کی بھرپور تعریف کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق مدینہ منورہ میں موجود زائرین نے بتایا ہے کہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے بہترین خدمات اور سہولیات اس بات کی تصدیق ہے کہ سعودی حکومت معتمرین اور عازمین کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔
عراق سے تعلق رکھنے والے جاسم محمد خلیل نے کہا کہ مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے جاتے ہوئے جو چیزیں میرے مشاہدے میں آئی ہیں وہ اس بات کی روشن مثال ہے کہ زائرین کی خدمات میں بھرپوردلچسپی ظاہر کرتی ہیں۔
الجزائر سے آنے والے ایک زائر طاہرعیسی کا کہنا ہے کہ مملکت نے ایسی خدمات اور سہولیات فراہم کی ہیں جو مسجد نبوی میں آنے والے زائرین کو پرسکون ماحول میں آرام اور احسن طریقے سےعبادت کی ادائیگی میں آسانیاں فراہم کرتی ہیں۔
عراق ہی سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والی خاتون ایمان مہدی نے مسجد نبوی میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں اور کارکنوں کی جانب سے ذمہ داریاں نبھانے کی بھرپور تعریف کی ہے۔
پاکستانی زائر محمد علی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مسجد نبوی میں شاندار طریقے سے فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اور حج کے بعد عمرہ سیزن کے دوبارہ آغاز سے لے کر اب تک فضائی، بری اور بحری راستوں کے ذریعے مدینہ منورہ حاضری دینے والے عمرہ زائرین کی کل تعداد 14 لاکھ 86 ہزار 880 تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکرٹریٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک سے مدینہ منورہ آنے والوں میں سرفہرست انڈونیشیا کے زائرین کی تعداد چار لاکھ 49 ہزار696 ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان سے آنے والےعمرہ زائرین میں مسجد نبوی پہنچنے والوں کی تعداد دوسرے نمبر پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان سے آنے والوں کی تعداد دو لاکھ 87 ہزار 793 ہے۔ انڈیا سے ایک لاکھ 89 ہزار 52، عراق سے ایک لاکھ 22 ہزار557 اور بنگلہ دیش کے زائرین مسجد نبوی کی تعداد 76ہزار 946 ریکارڈ کی گئی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں