Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نااہلی کیس، عدالت نے این اے 95 میں ضمنی الیکشن روک دیا

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے 10 نومبر تک جواب طلب کر لیا (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ فوری طور پر معطل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو این اے 95 میانوالی میں انتخابات سے روک دیا۔
پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تو جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ’ہم الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل نہیں کر رہے، ضمنی الیکشن کرانے سے روک دیتے ہیں۔‘
عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے 10 نومبر تک جواب طلب کر لیا اور میانوالی کی خالی ہونے والی نشست پر الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب سے روک دیا۔
تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اپنایا کہ ’الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے عمران خان کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دے کر ڈی سیٹ کیا، سپیکر کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس پر الیکشن کمیشن نے اپنی فائنڈنگز دینا ہوتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہر رکن اسمبلی 30 جون کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا پابند ہوتا ہے، جائیداد، جیولری سمیت تمام اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا ہوتی ہی، اگر کوئی چیز بیچ دی ہے تو اس سے حاصل رقم کا بتانا ہوتا ہے، اگر کوئی ممبر اسمبلی یہ تفصیلات نہ بتائے تو اس کی رکنیت بھی معطل ہو جاتی ہے۔‘
عدالت نے عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کر دیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت دس نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

شیئر: