Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو ایک اور دھچکا، فخر زمان انجری کا شکار 

پاکستان سُپر 12 مرحلے کا چوتھا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل ایک اور دھچکا لگا ہے۔
پاکستانی بلے باز فخر زمان ایک بار پھر انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث وہ جمعرات کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ 
پاکستان کرکٹ ٹیم کے میڈیا مینیجر نے اردو نیوز کو فخر زمان کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فخر زمان میچ سے قبل گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے ہیں تاہم ان کی انجری کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کے متبادل کھلاڑی کے لیے درخواست کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز فخر زمان ایشیا کپ کے دوران بھی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہیں لندن ری ہیپ پروگرام کے لیے بھیجا گیا تھا۔
فخر زمان نے نیدر لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ میچ  کھیلا تھا۔ 
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج پر منحصر ہیں۔
پاکستان کو جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتنے کے ساتھ یہ بھی توقع ہوگی کہ انڈیا کو بنگلہ دیش یا زمبابوے ہرا دے۔ 
دوسری صورت میں جنوبی افریقہ کو نیدر لینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد ہی پاکستان ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رہیں گی۔
پاکستان سُپر 12 مرحلے کا چوتھا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو ابتدائی دونوں میچز میں انڈیا اور زمبابوے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ نیدر لینڈ کے خلاف ٹورنامنٹ میں واحد فتح حاصل کی۔

شیئر: