ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی کامیابی، نیدرلینڈز کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا
اتوار 30 اکتوبر 2022 9:49
یہ میچ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے مقابلے میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا، کیونکہ پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کے بیٹرز کے لیے مشکلات پیدا کیے رکھیں اور اسے 92 رنز تک محدود رکھا۔
پاکستان کی اننگز میں پال وین میکرین نے کپتان بابر اعظم کو میچ کے دوسرے اوور میں آؤٹ کیا۔ اس کے بعد برینڈن گلوور نے فخر زمان کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد رضوان 49 رنز بنا کر پال وین میکرین کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ برینڈن گلوور نے افتخار احمد کی وکٹ لی۔
نیدرلینڈز کی اننگز میں میچ کے تیسرے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے سٹیفن مائبرگ کو آؤٹ کر کے پہلی وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان نے ٹام کوپر کو آؤٹ کر کے دوسری وکٹ سمیٹی۔ اس کے بعد شاداب خان نے میکس او ڈاؤڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نسیم شاہ نے سکاٹ ایڈورڈ کو شکار کر کے میچ کی پانچویں وکٹ لی۔ حارث رؤف نے رولوف وین ڈیرمروی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد محمد وسیم نے ٹم پرنگل کو آؤٹ کر کے یکے بعد دیگرے فریڈ کلاسن کی وکٹ بھی لی۔
نسیم شاہ نے میچ کی آخری گیند پر پال وین میکرین کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اورنسیم شاہ نے ایک ایک، وسیم نے دو جب کہ شاداب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے اس میچ میں ایک تبدیلی کی، حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا۔
یہ میچ پاکستان کے لیے بہت اہم تھا کیونکہ اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکا تھا۔ اس سے قبل انڈیا اور زمبابوے سے ہونے والوں میچوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دو میچز کھیلے جائیں گے جس میں پہلے میچ میں پاکستان اور نیدرلینڈز کا مقابلہ ہوا، جبکہ دوسرے میچ میں انڈیا اور جنوبی افریقا آمنے سامنے ہوں گے۔