Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبرپختونخوا سے خواتین ورکرز لانگ مارچ میں شرکت کے لیے تیار

رابعہ بصری کا کہنا تھا کہ ’اگر حکومت نے تشدد کا راستہ اپنایا تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی مدیحہ نثار نے کہا ہے کہ خواتین نے چار دن کے لیے کپڑے اور ضروری اشیاء بیگ میں ڈال لی ہیں۔
لانگ مارچ میں شرکت کے لیے خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے قائدین اور ورکرز کی تیاریاں جاری ہیں، اور مردوں کے ساتھ خواتین ورکرز بھی مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
پی ٹی آئی ویمن ونگ پشاور کی صدر رابعہ بصری نے اردو نیوز کو بتایا کہ پشاور ڈویژن سے چھ ہزار خواتین کی شرکت متوقع ہے۔ تمام خواتین نے اپنے ساتھ گرم کپڑے اور ضروری اشیاء لے لی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین ورکرز کے بیگز تیار پڑے ہیں اب صرف کپتان کی کال کی دیر ہے۔ ایم پی اے رابعہ بصری نے کہا کہ مارچ کے دوران خواتین ورکرز اپنے بھائیوں اور بیٹوں کا حوصلہ بڑھائیں گی اور اگر ضرورت پڑی تو ہم کھانا بھی بنائیں گے۔ 
’ہمارے کلچر میں خواتین کا گھر سے نکلنا برا سمجھا جاتا ہے مگر لانگ مارچ میں بہت سی خواتین کے شوہروں نے خود جانے کی اجازت دی ہے۔‘
ویمن ونگ کی صدر اور ایم پی اے رابعہ بصری کا کہنا تھا کہ ’اگر حکومت نے تشدد کا راستہ اپنایا تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ اپنے قائدین کے ساتھ ڈٹے رہیں گے۔‘
خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن مدیحہ نثار نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہم اپنے بچوں کو ساتھ لے کر جارہے ہیں تاکہ وہ بھی اس جدوجہد کے گواہ بنیں۔ یہ آزادی کی تحریک ہے اس میں سب کو نکلنا ہوگا۔‘
’خواتین ورکرز اور ان کے بچوں کے لیے گاڑیوں اور کھانے پینے کا انتظام کیا گیا ہے، ہم نے خواتین ورکرز کی فہرستیں تیار کی ہیں جو ہمارے ساتھ جائیں گی۔ چار دن کے لیے سامان اور دیگر ضروری اشیاء کی پیکنگ مکمل ہوگئی ہے۔ انشاء اللہ ہم کامیاب ہوکر لوٹیں گے۔‘

شیئر: