جدہ میں اسکریپ کے 19 گودام سیل
جمعرات 3 نومبر 2022 17:54
غیرمنظم انداز میں ری سائیکلنگ سے ماحولیاتی آلودگی پیدا ہورہی تھی(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میونسپلٹی نے شہر میں سکریپ کے 19 گودام اور ری سائیکلنگ کے سینٹر سیل کردیے۔ مذکورہ گودام ایک لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر قائم تھے۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ گودام اور سینٹر سیل کرنے کی کارروائی میں الملیسیا بلدیاتی کونسل کے افسران شریک رہے۔ تفتیشی کارروائی میں سکریپ، لوہے کے ترازو، آکسیجن اور گیس کے پائپ ضبط کرلیے گئے۔
جدہ میونسپلٹی نے بتایا کہ مذکورہ مقامات پر سکریپ اور ری سائیکلنگ کا کام غیر قانونی طریقے سے کیا جارہا تھا۔
غیرمناسب ماحول کی وجہ سے صحت مسائل پیدا ہورہے تھے جبکہ غیرمنظم انداز میں ری سائیکلنگ کے باعث ماحولیاتی آلودگی پیدا ہورہی تھی۔
میونسپلٹی نے تاکید کی کہ آئندہ بھی بلدیاتی کونسلوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے ہر طرح کی غیر قانونی سرگرمی کو قابو کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے تئیں قانونی کارروائی کی جائے گی۔