صنعتی شعبے میں آسٹریلیا کے تجربات مفید ثابت ہوں گے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر صنعت و معندنیات بندر الخریف نے جمعرات کو اپنی آسٹریلوی ہم منصب میڈلین کنگ سے وزارت صنعت و سائنس و توانائی و افرادی قوت کے دفتر میں ملاقات کی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق الخریف نے آسٹریلیا میں تجارت و سرمایہ کاری اتھارٹی کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔ وہ ان دنوں سڈنی میں معدنیات و وسائل کی عالمی کانفرنس IMARC میں شرکت کے لیے آسٹریلیا کے سرکاری دورے پر پہنچے ہوئے ہیں۔
انہوں نے صنعت و معدنیات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں، تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی تدابیر کا جائزہ لیا۔
سعودی وزارت صنعت و معدنیات آسٹریلیا میں معدنیات کے شعبے سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ آسٹریلیا اس سیکٹر میں ترقی یافتہ ممالک میں سے ایک ہے۔ اس کے تجربات مملکت کے لیے بے حد مفید ثابت ہوں گے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے دورے پر موجود سعودی وفد میں وزارت صنعت و معدنیات ، وزارت سرمایہ کاری، قومی صنعت و لوجسٹک خدمات پروگرام، جیولوجیکل سروے بورڈ، سعودی صنعتی فروغ فنڈ اور صنعتی مرکز کے متعدد عہدیدار موجود ہیں۔
سعودی وفد نے آسٹریلیا کے چار شہروں کینبرآ برزبن، پرتھ اور سڈنی کے دورے کیے۔ علاوہ ازیں IMARC کانفرنس اور نمائش میں بھی شریک ہوا۔ جس کا سلسلہ دو نومبر کو شروع ہوا تھا اور کل چار نومبر 2020 تک جاری رہے گا۔