Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیناڈول کی قیمت میں اضافہ، کمپنی نے پیداوار بحال کر دی

پیناڈول ایکسٹرا کی 500 ایم جی کی فی گولی قیمت 2 روپے19 پیسے سے دو روپے 75 پیسے کر دی گئی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں بخار کی دوا پیناڈول کی قلت ختم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے اس کی قیمت میں اضافے کی منظوری کی بعد دوا ساز کمپنی نے پروڈکشن واپس بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اردو نیوز کے پاس دستیاب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے نئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’پیناڈول کی 500 ایم جی گولی کی قیمت ایک روپے 87 پیسے سے بڑھا کر دو روپے 35 پیسے کر دی گئی ہے۔ پیناڈول ایکسٹرا کی 500 ایم جی کی فی گولی قیمت 2 روپے19 پیسے سے دو روپے 75 پیسے کر دی گئی ہے۔‘
اسی طرح پیناڈول شربت کی قیمت ’104 روپے 80 پیسے سے بڑھا کر 117 روپے 60 پیسے کر دی گئی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفیکیشن کے بعد پیناڈول کمپنی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نام اپنے خط میں اپنی رکی ہوئی پروڈکشن بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگرچہ قیمتوں میں اضافہ تجویز کردہ قیمتوں سے کچھ کم ہے تاہم وہ حکومت کے شکرگزار ہیں کہ کمپنی نئی قیمتوں کے ساتھ اس قابل ہو گئی ہے کہ ادویات کی تیاری بغیر نقصان کے جاری رکھ سکے۔‘
واضح رہے کہ کمپنی نے 21 اکتوبر کو پیناڈول کی پاکستان میں پروٖڈکشن روک دی تھی جس سے ملک بھر میں اس کی قلت پیدا ہو گئی تھی اور ڈینگی بخار کے مریض خاص طور پر پریشانی کا شکار تھے۔
پروٖڈکشن بند کرتے وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ خام مال کی قیمت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے موجودہ قیمت پر دوائی فرخت کرنا ممکن نہیں ہے۔ متعلقہ فورم پر کئی بار مسئلہ اٹھانے کے باوجود خاطر خواہ جواب نہیں مل سکا ہے، مجبوراً یہ فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔

پیناڈول شربت کی قیمت ’104 روپے 80 پیسے سے بڑھا کر 117 روپے 60 پیسے‘ کر دی گئی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے چئیرمین سید سراج الدین نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بخار کی دوائی پیناڈول میں استعمال ہونے والے سالٹ سمیت دیگر خام کی قیمت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ جو سالٹ 600 روپے فی کلو پر ملتا تھا اب وہ دو ہزار روپے فی کلو سے زائد میں مل رہا ہے۔
’کمپنی کو نقصان ہونے کی وجہ سے انہوں نے اس کی پروڈکشن کم کر دی ہے جس سے مارکیٹ میں دوائی کی قلت کی وجہ سے مانگ بڑھی ہوئی ہے۔‘
خیال رہے کہ ان دنوں ملک میں سیلابی صورتحال کے بعد ڈینگی بخار اور موسمی تبدیلی کی وجہ سے بخار کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ایسے میں پیناڈول کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔

شیئر: