Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیناڈول کی قیمت نہیں بڑھاؤں گا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے ازالے کے لیے حکومتی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیناڈول کی قیمت نہیں بڑھائیں گے۔
سنیچر کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملک میں مہنگائی پر ممکنہ ریلیف سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’پوری کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی ریلیف ہو عوام کے حوالے کیا جائے، آج ہی یہ پیناڈول جو بڑی مہنگی ہو گئی ہے، میں نے کہا کہ قیمت نہیں بڑھائیں گے اس کا کوئی حل ڈھونڈیں گے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی ضرورت کے مطابق گندم درآمد کی گئی ہے اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے البتہ خدشہ ہے کہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے کاشت کا عمل تاخیر کا شکار ہو۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بخار اور درد کی دوا پیناڈول بنانے والے ادارے گلیکسو سمتھ کلائن (جی ایس کے) نے جمعے کو دوا کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ نہ ہونے پر ’ملک میں پیناڈول کی پروڈکشن روکنے کا عندیہ دیا تھا۔‘
کمپنی کا کہنا تھا کہ ’خام مال کی قیمت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے موجودہ قیمت پر دوا فروخت کرنا ممکن نہیں ہے، متعلقہ فورم پر کئی بار مسئلہ اٹھانے کے باوجود خاطر خواہ جواب نہیں مل سکا ہے اس لیے مجبوراً یہ فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔‘
وزیراعظم پاکستان کے پرنسپل سیکریٹری سید توقیر شاہ کے نام لکھے گئے ایک خط میں پیناڈول بنانے والی کمپنی نے کہا تھا کہ پیناڈول کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مہنگا ہو گیا ہے۔
قبل ازیں پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ گندم کی درآمد کے خواہشمند اداروں میں سے سب سے کم بولی دینے والے سے بھی قیمت مزید کم کروا کر اربوں روپے کی بچت کی ہے۔
بجلی کی قیمتوں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کی ہدایت تھی جس کے بعد تین سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔‘

شیئر: