کراچی کے ایک گودام پر چھاپہ، پیناڈول کی ڈھائی لاکھ سے زائد گولیاں برآمد
جمعرات 15 ستمبر 2022 21:10
زین علی -اردو نیوز، کراچی
کورونا سے اب تک ملک میں پیناڈول کی مارکیٹ میں ترسیل متاثر رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے ایک گودام میں ذخیرہ کی گئیں بخار کی 2 لاکھ 52 ہزار گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق ڈریپ کی ٹیم نے کراچی کی کچی گلی میڈیسن مارکیٹ میں الطاف ٹریڈرز پر چھاپہ مارا، اور چھاپے کے دوران پیناڈول کی تقریباً 2 لاکھ 52 ہزار گولیاں برآمد کرلی ہیں۔
محکمہ صحت کے ایک سینیئر افسر نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایک طرف ملک میں سیلاب زدہ علاقوں میں بخار کے مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔‘
’دوسری جانب ڈینگی کا شکار ہونے والے افراد کو بھی دوا کی قلت کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، ایسی صورت حال میں منافع خور مافیا سرگرم ہوگیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قیمتوں میں من مانے اضافے کی نیت سے ذخیرہ اندوزوں نے بخار کی ادویات کو چھپا کر گوداموں میں رکھا ہوا تھا۔‘
ڈریپ کی ٹیم نے پیناڈول کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کرکے کراچی کے ایک گودام سے ڈھائی لاکھ سے زائد پینا ڈول کی گولیاں برآمد کرلی ہیں۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’اس ذخیرہ اندوزی سے مارکیٹ میں پيناڈول کی مصنوعی قلت پیدا ہوئی، تاہم اب ڈریپ کی ٹیم نے سٹاک کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے، اس سے مارکیٹ پر اثر پڑے گا اور دیگر ذخیرہ کرنے والے بھی مارکیٹ میں ادویات کی ترسیل شروع کردیں گے۔
یاد رہے کہ کورونا کی وبا سے لے کر اب تک ملک میں بخار کی دوا پیناڈول کی مارکیٹ میں ترسیل بری طرح متاثر رہی ہے۔ اس دوا کی طلب و رسد میں فرق کی وجہ سے میڈیکل سٹور اپنے من مانے داموں پر یہ دوا فروخت کررہے ہیں۔