گمراہ کن رعایتی پیشکش پر تجارتی ادارے کے خلاف تادیبی کارروائی
ادارے کی جانب سے پچاس فیصد کی رعایت کی پیشکش حقیقت کے منافی تھی( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت نے خلاف ضابطہ رعایتی پیشکش پر ادارے کے ڈائریکٹر کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق تجارتی ادارے کے ڈائریکٹر کے خلاف عدالت میں ڈائریکٹر پر انسداد تجارتی جعلسازی قانون کی خلاف ورزی اور سیل پرمٹ ضوابط کی پابندی نہ کرنے کا الزام ثابت ہوگیا تھا۔
وزارت تجارت کے تفتیشی افسران نے صارفین کی شکایات پر مبینہ تجارتی ادارے کے خلاف کارروائی کی۔ گھڑیوں اور قیمتی دھاتوں کے ایک تجارتی ادارے نے پرمٹ کے بغیر رعایتی پیشکش کا اعلان کیا تھا۔
یہ بات بھی ریکارڈ پر آئی کہ ادارے کی جانب سے تمام گھڑیوں اور قیمتی دھاتوں پر پچاس فیصد کی رعایت کی پیشکش حقیقت کے منافی ہے۔ تجارتی ادارے نے رعایتی پیشکش سے قبل اور اس کے بعد کی قیمتوں کے ٹیگ بھی نہیں لگائے تھے۔
دمام میں فوجداری عدالت نے ادارے پر جرمانے اور خلاف قانون رعایتی پیشکش کا اشتہار ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ وزارت تجارت تمام کاروباری اداروں کو یہ سہولت فراہم کیے ہوئے ہے کہ کوئی بھی ادارہ اشیا پررعایتی پیشکش کےلیے پرمٹ حاصل کرے۔ پرمٹ کے سلسلے میں آن لائن کارروائی کی جاسکتی ہے۔
یہ سہولت تمام تجارتی اداروں کےلیے ہے۔ بغیر پرمٹ کسی ادارے کو رعایتی قیمت پر سامان فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔