شاہ سلمان ریزرو پارک میں جنگلی بلیوں کے تحفظ کے لیے ’کیٹ واک‘
شاہ سلمان ریزرو پارک میں جنگلی بلیوں کے تحفظ کے لیے ’کیٹ واک‘
ہفتہ 5 نومبر 2022 19:19
مہم کا مقصد معاشرے میں بلیوں کے تحفظ کے شعورکوبیدار کرنا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان ریزرو پارک میں جنگلی بلیوں کے تحفظ کے حوالے سے ’کیٹ واک‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ مہم کا مقصد معاشرے میں بلیوں کے تحفظ سے متعلق شعور کو بیدار کرنا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق کیٹ واک کا پروگرام چار مقامات پر کیا جا رہا ہے جن میں حائل، تبوک ، طریف اورالجوف کمشنریاں شامل ہیں۔
کیٹ واک کےلیے مختلف فلاحی تنظیموں کی جانب سے انتظامات کیے گئے ہیں اس حوالے سے مخصوص مقامات کا تعین کرکے واک کے شرکا کی رجسٹریشن کی جاتی ہے۔
شرکا کی رجسٹریشن کےلیے باقاعدہ کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں فلاحی تنظیموں کی جانب سے واک کے شرکا کو خصوصی جیکٹس بھی فراہم کی جاتی ہیں جن پر’کیٹ واک‘ کے الفاظ درج ہیں ۔علامت کے طور پربلی کے پنچوں کے نشانات بھی نقش ہیں۔
کیٹ واک میں شریک ہونے والوں کے لیے 7 کلومیٹرکا ٹریک مخصوص ہے جہاں وہ ’واک ‘ کرکے جنگلی بلیوں کی سات اقسام جن کی نسل ختم ہوتی جاری ہے کے تحفظ کےلیے لوگوں میں آگاہی پیدا کریں گے۔
واضح رہے شاہ سلمان بن عبدالعزیز ریزور مملکت کے چارریجنز میں بنایا گیا ہے جن میں الجوف، حائل ، تبوک اورالحدود الشمالیہ شامل ہیں۔ ریزور کی مجموعی لمبائی ایک لاکھ 30 ہزار کلومیٹرمربع ہے۔ اس کا شمار مشرقی وسطی میں سب سے بڑے ریزورمیں ہوتا ہے۔