سعودی عرب کے انڈسٹریل سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھ گئی
مملکت میں فیکٹریوں کی مجموعی تعداد 10707 تک پہنچ گئی ہے( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی عرب کے انڈسٹریل سیکٹر میں اگست 2022 تک سرمایہ کاری کا حجم 1.370 ٹریلین ریال تک پہنچ گیا۔ ماہانہ کی بنیاد پر0.17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی عرب میں فیکٹریوں کی مجموعی تعداد 10707 تک پہنچ گئی۔ ایک ماہ کے دوران0.21 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزارت صنعت و معدنیات نے اگست 2022 کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ ’صنعت کے شعبے میں کارکنان کی تعداد اگست تک 1.054 ملین تک پہنچ گئی ہے‘۔
وزارت صنعت کا کہنا ہے کہ ’اگست کے آخر تک کانکنی کے پرمٹس کی تعداد 2159 ہوگئی ہے‘۔
وزارت نے بتایا کہ ’جنوری 2022 سے اگست کے آخر تک نئے صنعتی لائسنس 646 جاری کیے گئے۔ ان کی سرمایہ کاری 18 ارب ریال ریکارڈ کی گئی۔ ان میں سے 811 فیکٹریوں نےاس عرصے کے دوران پیدایوار شروع کی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’اگست میں 41 نئے لائسنس کے حوالے سے ریاض ریجن مملکت بھر میں سرفہرست ہے جبکہ الشرقیہ میں 26، مکہ مکرمہ میں 22، مدینہ منورہ میں 8، قصیم میں 7، عسیرمیں 4، تبوک اور حائل میں3,3 جبکہ جیزان میں ایک لائسنس جاری کیا گیا‘۔