Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر کوئی پاکستان اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنا چاہے گا: شین واٹسن

پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں 9 نومبر کو پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گے جبکہ 10 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔
اگر انڈیا اور پاکستان دونوں اپنے میچز جیت جاتے ہیں تو آسٹریلیا کے سب سے مشہور ترین میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل روایتی حریفوں کے درمیان ہوگا۔
اس سے قبل اسی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ انڈیا نے جیتا تھا۔
سابق آسٹریلین کرکٹر شین واٹسن پاکستان اور انڈیا کے درمیان فائنل کے امکانات پر ہی کافی پُرجوش ہیں۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق شین واٹسن کا کہنا تھا کہ ’ہر کوئی پاکستان اور انڈیا کو فائنل میں دیکھنا چاہے گا۔‘
شین واٹس جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کیا کرتے تھے کہتے ہیں کہ ’بدقسمتی سے میں ایم سی جی (میلبرن کرکٹ گراؤنڈ) میں دونوں ٹیموں کے درمیان سپر 12 راؤنڈ کا میچ نہیں دیکھ سکا تھا کیونکہ میں اسی وقت ہونے والے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میچ میں کمنٹری کر رہا تھا۔‘
پاکستان اور انڈیا اس سے پہلے ٹی20 ورلڈ کپ 2007 کے فائنل میں بھی مدمقابل آچکے ہیں اور وہ میچ انڈیا کے نام رہا تھا۔
شین واٹسن کا مزید کہنا تھا کہ ’دونوں ٹیموں نے ٹی20 ورلڈ کپ 2007 کا فائنل بھی کھیلا تھا اور ہر کوئی ایسا دوبارہ دیکھنا چاہے گا۔‘
شین واٹسن نے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیوی اوپنر فن ایلن اور پاکستانی فاسٹ بولرز کے درمیان مقابلہ دیکھنے والا ہوگا اور اس مقابلے کا اثر پورے میچ پر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں کوئی توقع نہیں کر رہا تھا کہ پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے گی لیکن سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد یہ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

شیئر: