Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی، ’قدرت کا نظام‘ کہاں سے آیا؟

پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے آج بنگلہ دیش کو شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
اتوار کو دن کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کی اور پھر پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر بڑے ایونٹ کے بڑے راؤنڈ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
ٹورنامنٹ میں شروع کے دو میچ انڈیا اور زمبابوے سے ہارنے کے بعد شاید کرکٹ فینز ہمت ہار چکے تھے کہ پاکستان کی راہ میں اگر یا مگر کی حائل رکاوٹیں اسے سیمی فائنل تک نہیں پہنچنے دیں گی لیکن نیدرلینڈز کی جنوبی افریقہ کے خلاف فتح نے گرین شرٹس کا بیڑا پار لگا دیا۔
سوشل میڈیا پر کرکٹ اور پاکستان ٹیم کے ساتھ بہت سارے صارفین ’قدرت کا نظام‘ بھی استعمال کررہے ہیں۔ شاید کہنا یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی ’قدرت کے نظام‘ کے تحت ہی ممکن ہوسکی ہے۔
پاکستان نے جیسے ہی بنگلہ دیش کو شکست دی ویسے ہی فخر زمان نے ایک ٹویٹ میں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی تصویر شئیر کی اور لکھا ’دیکھا پھر قدرت کا نظام‘۔
ٹوئٹر پر لاہوری گائے نامی اکاؤنٹ نے پاکستان کے کوچ ثقلین مشتاق، شاداب خان اور محمد رضوان کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا ’قدرت کا نظام آچکا ہے۔‘
ارحم نے ایسی ہی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر ہم یہ ورلڈ کپ جیت جاتے ہیں تو ہمیں قدرت کے نظام کو اپنے ملک کے آئین میں شامل کرلینا چاہیے۔ کیا پتہ پاکستان کو بچا لے۔‘
اب یہ ’قدرت کا نظام‘ کرکٹ میں کیسے آیا اور لوگ پاکستان کی سیمی فائنل رسائی کو اس کی مرہون منت کیوں سمجھ رہے ہیں؟ اس کا جواب پاکستانی کوچ ثقلین مشتاق کی ایک حالیہ پریس کانفرنس میں موجود ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ ہی کے دوران ثقلین مشتاق نے ٹیم کی شکستوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا ’بارش، گھٹا، یہ تو چلتا ہے یہ تو قدرت کا نظام ہے۔ کھیل بھی ایسا ہی ہے، ہار جیت بھی چلنی ہی چلنی ہے تو اس کو قبول کرنا چاہیے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب قدرت کا نظام ایسا ہے تو اس میں ہم کیا کرسکتے ہیں؟‘
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’یہاں جتنے بھی لوگ بیٹھے ہیں جن کا تعلق پاکستان سے ہے وہ سب چاہتے ہیں کہ پاکستان جیتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان جیتے۔ قدرت میں ایسا ہے کہ دن اور رات ہے، زندگی اور موت ہے۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم کوشش کررہی ہے اور اس کا ارادہ بھی ہے کے وہ میچز جیتے۔

شیئر: