ندا یاسر کے پروگرام سے اٹھ جانے پر پاکستانی ٹیلی ویژن میزبان کی ویڈیو وائرل
منگل 8 نومبر 2022 16:28
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
رابعہ انعم نے گھریلو تشدد کے خلاف اپنے موقف کو پروگرام چھوڑنے کی وجہ قرار دیا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی ٹیلی ویژن میزبان رابعہ انعم نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ایک اور مہمان کی وجہ سے پروگرام کا حصہ رہنے سے انکار کیا تو سوشل ٹائم لائنز پر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
منگل کو ہونے والے مارننگ شو میں رابعہ انعم مہمان تھیں جہاں ان کے ساتھ اداکارہ فضا علی اور اداکار محسن عباس بھی شریک تھے۔ پروگرام شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد رابعہ انعم نے میزبان ندا یاسر سے ’بچپن کی غلطیوں کے دوران نئی غلطی نہ کرنے‘ کی خواہش ظاہر کی تو کہا کہ وہ پروگرام چھوڑ کرجانا چاہتی ہیں کیونکہ وہ خواتین پر تشدد کے خلاف ہیں اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ شو میں دیگر مہمان کون ہیں۔
اگرچہ پاکستانی ٹیلی ویژن میزبان نے دیگر دو مہمانوں میں سے کسی کا نام نہیں لیا تاہم انہوں نے موقف اپنایا کہ وہ گھریلو تشدد کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہیں۔ اس لیے انہیں مناسب نہیں لگ رہا کہ وہ پروگرام میں شریک رہیں۔
رابعہ انعم کے مطابق وہ گھریلو تشدد کے خلاف اپنی آواز کو ضائع ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں لیکن اگر وہ آج پورے پروگرام میں شریک رہیں تو جن کے لیے انہوں نے سٹینڈ لیا وہ ان کے سامنے مشکل کا شکار ہوں گی۔
اس موقع پر انہوں نے میزبان سے کہا کہ پروگرام میں بیٹھنا انہیں مناسب نہیں لگ رہا۔
پروگرام چھوڑ کر جانے کی ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر آئی تو اس میں رابعہ انعم میزبان ندا یاسر سے پروگرام سے جانے کی اجازت مانگتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہیں۔
رابعہ انعم کے اجازت لیے جانے کے بعد ندا یاسر نے پروگرام میں بریک لی۔ دوبارہ پروگرام شروع ہوا تو اس میں رابعہ انعم موجود نہیں تھیں۔
مارننگ شو کی ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب پر شیئرکردہ ویڈیو میں رابعہ انعم بالکل نہیں دکھائی گئی ہیں البتہ سوشل ٹائم لائنز پر وہ کلپ شیئر کیے گئے ہیں جس میں ٹیلی ویژن میزبان موجود ہیں اور پھر میزبان سے اجازت طلب کررہی ہیں۔
مختلف ٹویپس نے رابعہ انعم کے معاملے کو موضوع بنایا تو ان کے اقدام کو ’جرات مندانہ‘ قرار دیا۔
دو منٹ سے زائد دورانیے کا کلپ ٹائم لائنز پر شیئر کرنے والوں نے جہاں ان کے عمل پر گفتگو کی وہیں ٹیلی ویژن پر ان کے کام سے متعلق یادیں بھی تازہ کیں۔
مریم نے اپنے تبصرے میں رابعہ انعم کے اقدام کو ’چھوٹا مگر پراثر‘ کہا تو ان کی تعریف بھی کی۔
پاکستانی اداکار محسن عباس کی اہلیہ نے ان پر تشدد کا الزام لگایا تھا جس کی اداکار کی جانب سے تردید کرتے ہوئے دیگر معاملات سامنے لائے گئے تھے تاہم وقتا فوقتا گھریلو تشدد سے متعلق ان کا ذکر ٹائم لائنز پر نمایاں رہتا ہے۔