وڈیو میں یاسر نواز کو مزاحیہ انداز میں ندا یاسر سے یہ پوچھتے دیکھا جاسکتا ہے کہ ’ندا پتا ہے یہ کون سی گاڑی ہے؟‘
جس کے جواب میں ندا یاسر کہتی ہیں کہ ’ہاں مجھے اب بہت اچھے سے پتا ہے، اور میں نے اندر سے بھی بہت غور سے دیکھی ہے۔ ہاتھ بھی لگا کر دیکھا ہے، خوش ہو جائیں آپ لوگ۔‘
ندا یاسر اس ویڈیو میں کافی خوشگوار موڈ میں نظر آرہی ہیں جبکہ ان کے شوہر یاسر نواز انہیں مزید تنگ کر رہے ہیں۔
ندا یاسر اور فارمولا ون کار کے بارے میں بحث کا آغاز سنہ 2021 میں وائرل ہونے والے ایک کلپ کے بعد ہوا تھا جس میں دو نوجوان انجینئیر ندا یاسر کو فارمولا ون کے ڈیزائن پر بننے والی کار کے بارے میں بتا رہے تھے۔
اپنے مارننگ شو میں ندا یاسر نے مہمان انجینیئرز سے فارمولا ون ریسنگ کار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں کتنے لوگ بیٹھ سکتے ہیں۔
ندا یاسر کے سوال پر مہمان نے بتایا ’یہ فارمولا ہے، ریسنگ کار ہے تو اس میں صرف ایک شخص بیٹھ سکتا ہے۔‘ جس کے جواب میں ندا یاسر کا کہنا تھا کہ ’اچھا ابھی فارمولا بنایا ہے آپ نے، ایکسپیریمنٹ نہیں کیا؟
اس شو کے ایئر ہونے کے فوراً بعد یہ کلپ وائرل ہو گیا تھا اور ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصروں کے ہمراہ میمز بھی بننا شروع ہو گئے تھے۔
ندا یاسر نے خود بھی اپنی غلطی کا اعتراف کیا تھا اور اب جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ امریکہ گئی ہوئی ہیں تو انہوں نے فارمولا ون کے شو روم کا بھی دورہ کیا اور وڈیو اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔
ندا یاسر اور یاسر نواز کی اس وڈیو کے بعد مائیکروبلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پر بھی دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
شجالا نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ ’صحیح بتاؤں تو ندا یاسر کی وجہ سے ہی بہت سے لوگوں کو فارمولا کار کا پتا چلا ہوگا۔‘
جویریا نامی ایک اور صارف نے لکھا کہ ’مجھے بھی ندا کی وجہ سے فارمولا ون کار پتا چلا تھا۔‘
زویا نامی صارف نے کہا کہ ’اچھی بندی ہے، اپنی غلطی مان لیتی ہے۔’
صارف زرمین کا کہنا ہے کہ ’ان دونوں کا آپس میں مزاح کا رشتہ ہے، مجھے یہ دونوں پسند ہیں۔‘