Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کارکنان کا مظاہرہ، راولپنڈی ٹیسٹ میچ کا وینیو تبدیل کرنے پر غور

احتجاج کے باعث پنڈی سٹیڈیم میں قائداعظم ٹرافی کا میچ شروع نہ ہو سکا (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر جاری احتجاج کے باعث انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کا وینیو تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کا وینیو تبدیل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ’جڑواں شہروں کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد وینیو تبدیل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔‘
دوسری جانب پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث پنڈی سٹیڈیم میں شیڈول قائداعظم ٹرافی کا اہم میچ دو روز سے شروع نہ ہو سکا۔
قائداعظم ٹرافی میں سندھ اور خیبر پختونخوا کے درمیان چار روزہ فرسٹ کلاس میچ سکیورٹی صورتحال کے باعث راولپندی سے منتقل کرنے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے اردو نیوز کو تصدیق کی کہ ’سکیورٹی صورتحال کی وجہ سے پنڈی میں شیڈولڈ چار روزہ میچ شروع نہیں ہوسکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چھٹے راؤنڈ کا میچ آٹھ نومبر سے شروع ہونا تھا۔‘
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’موجودہ صورتحال برقرار رہی تو پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منتقل کرنے کا امکان ہے۔‘
خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلسے اور جلوسوں کے باعث آسٹریلیا کے خلاف پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ٹی20 اور ون ڈے میچز لاہور منتقل کر دیے گئے تھے۔

2005 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آئے گی (فوٹو: اے ایف پی)

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم اسلام آباد اور راولپنڈی شہر کے سنگم مقام پر قائم ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان کا راولپنڈی سٹیڈیم جانے والی سڑک مری روڈ پر کیمپ لگا کر احتجاج کیا جا رہا ہے جس سے مری روڑ پر تیسرے روز ٹریفک شدید متاثر ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم بن سٹوکس کی قیادت میں 25 نومبر کو پاکستان پہنچے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہے، سیریز کا دوسرا میچ نو دسمبر ملتان جبکہ آخری میچ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جانا ہے۔
خیال رہے کہ 2005 کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ کا ٹیسٹ سیریز کے لیے دورہ پاکستان شیڈولڈ ہے۔ رواں برس ٹیم انگلینڈ نے سات ٹی20 میچز کی سیریز کے لیے 17 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ 

شیئر: