پاکستان کے لیے کرکٹ اور ہاکی کے میدان سے خوش خبریاں
بدھ 9 نومبر 2022 18:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ایک ہی دن میں کرکٹ اور ہاکی کے میدانوں سے کامیابی کی خبریں سامنے آئی ہیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے بدھ نو نومبر اس لحاظ سے خوشیوں کا دن رہا کہ قومی کرکٹ ٹیم 2009 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی، مگر بات یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ یہ ایک ہی دن کھیل کے میدانوں سے ملنے والی تین اچھی خبروں میں سے ایک رہی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اعلان کیا کہ ملائشیا میں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے ایشین چیمپئن جاپان کو تین کے مقابلے میں پانچ گولوں سے شکست دی۔
پاکستان میں قومی کھیل کا درجہ رکھنے والے ہاکی کے میدانوں میں طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی پاکستانی ٹیم کے لیے یہ کامیابی اس لحاظ سے خاص رہی کہ اس کے بعد قومی ٹیم برونز میڈل جیت کر وکٹری سٹینڈ پر پہنچی۔
پی ایچ ایف نے وضاحت کی کہ 11 برس بعد ہاکی کے کھیل میں یہ موقع آیا ہے کہ قومی ٹیم وکٹری سٹینڈ پر پہنچی ہے۔
ہاکی کے میدانوں سے جیت کی یہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی جب تین روز قبل انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے انتخابات میں پاکستان کے طیب اکرام نے بیلجیئم کے امیدوار کو شکست دے کر فیڈریشن کی صدارت سنبھالی ہے۔
ایک ہی دن میں پاکستان کے لیے کھیل کے میدانوں میں حاصل کردہ کامیابیوں کا سلسلہ اس وقت آگے بڑھا جب خواتین کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستانی ویمن ٹیم نے تین میچوں کے سیریز اپنے نام کی ہے۔
کھیل کے میدانوں سے پاکستان کے لیے ایک ہی دن میں متعدد کامیابیوں کا سوشل ٹائم لائنز پر ذکر ہوا تو متعدد صارفین نے کرکٹ اور ہاکی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔