Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافروں نے طیارہ کو میدان جنگ بنالیا

  ٹوکیو .....فضائی مسافروں کے درمیان سیٹوں کی وجہ سے چھوٹی موٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں اور لوگ اپنی پسندیدہ نشست پر بیٹھنے کیلئے دوسرے کی سیٹ پر بیٹھ جاتے ہیں جس پر دوسرے کو اعتراض ہوتا ہے مگر یہ معاملہ خوش اسلوبی اور باہمی رضا مندی سے طے کرلیا جاتا ہے اور سفر آسانی سے کٹ جاتا ہے تاہم جاپان کی ایک نجی فضائی کمپنی کے طیارے میں اس وقت ایک عجیب و غریب واقعہ دیکھنے میں آیا جب 2مسافر کسی بات پر پہلے ایک دوسرے سے الجھے پھر نوبت ہاتھا پائی تک آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا طیارہ میدان جنگ بن گیا۔ کسی نے موقع کی وڈیو تیار کرکے جاری کردی جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو گھونسہ مار رہے ہیں ۔ ان میں سے ایک کوئی ہماری مدد کرو کے نعرے لگا رہا ہے جبکہ دوسرا شخص یہ پاگل ہے کی آواز بلند کررہا ہے۔ جب دونوں بری طرح گتھم گتھا ہوگئے تو طیارے کے عملے نے انہیں الگ کرنے کی کوشش کی۔ ایک ایئر ہوسٹس نے بھی مداخلت کرنا چاہی تو دونوں نے اسے دھکا دیدیا۔ لڑائی میں پہل کرنے والا شخص سرخ و سفید رنگ کی قمیض پہنے ہوئے تھا۔ دونوں کی لڑائی کے دوران تمام مسافر کوئی انہیں چھڑائے کی آواز بلند کرتے رہے اور پہل کرنے والے شخص کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کرتے رہے کہ اسے طیارے سے اتار دیا جائے۔ جاپان ٹوڈے نامی اخبار کی اطلاع کے مطابق جھگڑے میں پہل کرنے والا 44سالہ شخص امریکی ہے اور اس پر تشدد کرنے کے سلسلے میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ واقعہ ناریتا ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیاجب طیارہ لاس اینجلس کیلئے اڑان بھرنے والا تھا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑائی کرنے والا امریکی نشے میں دھت ہے۔
 

شیئر: