Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ میجر (ر) خرم حمید کون ہیں؟‘ پی ٹی آئی رہنماؤں کا پہچاننے سے انکار

شہباز گل کا کہنا ہے کہ ’اللہ جانے کون کون رہنما تحریک انصاف بن کر سامنے آئے گا۔‘ (فائل فوٹو: فیس بک/خرم حمید روکھڑی)
پاکستانی سوشل میڈیا پر اس وقت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رہنما میجر (ر) خرم حمید روکھڑی موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔
خرم حمید روکھڑی جمعرات کو جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں بحیثیت پی ٹی آئی رہنما شامل ہوئے اور اپنی ہی پارٹی پر پاکستانی فوج کے افسران پر تنقید کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔
اسی پروگرام میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ سے منسلک شخصیات کے درمیان مذاکرات کروانے کی کوششیں بھی کررہے تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے کئی ملاقاتیں بھی کیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ مذاکرات کی کوششیں کررہے تھے لیکن پی ٹی آئی کے سابق سربراہ عمران خان نے انہیں دو بار ملاقات کے لیے بلایا لیکن ان سے ملاقات نہیں کی۔
خرم حمید روکھڑی کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی جانب سے خود پر وزیر آباد میں ہونے والے حملے کا الزام فوجی افسران پر لگانا درست نہیں اور وہ ان الزامات کو درست نہیں مانتے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے خرم حمید روکھڑی کو اپنی جماعت کا رہنما ماننے سے ہی انکار کردیا ہے۔
تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں فواد چوہدری کو خرم حمید روکھڑی کے ساتھ کھڑا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’سینکڑوں لوگ تصویریں لیتے ہیں اور میں نہیں جانتا کون ہیں؟‘
اسی طرح کا مؤقف سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایک اور قریبی ساتھی ڈاکڑ شہباز گل نے بھی اختیار کیا۔  انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ صاحب ہیں کون؟ نہ کبھی پہلے دیکھا، نہ سنا ان کے بارے میں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اللہ جانے کون کون رہنما تحریک انصاف بن کر سامنے آئے گا۔‘

پروگرام کیپیٹل ٹاک کے میزبان حامد میر نے پی ٹی آئی یا اس کے رہنماؤں کا نام لیے بغیر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سابق وزیراعظم اور عمران خان کے دیگر ساتھیوں کو خرم حمید روکھڑی کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
اینکر پرسن کے مطابق یہ ویڈیو عمران خان کے مظفر آباد میں ایک حالیہ دورے کے دوران بنائی گئی تھی۔
حامیر میر نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’کچھ مہربان پوچھ رہے ہیں یہ میجر خرم حمید کون ہے؟ کوئی کہہ رہا ہے کہ عمران خان تو پچھلے ایک سال سے اس آدمی کو ملے ہی نہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’گستاخی معاف! صرف چند ہفتے پہلے خان صاحب جلسے سے خطاب کے لیے مظفر آباد پہنچے تو وہاں ان کا استقبال کرنے والوں میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ خرم بھی موجود تھے۔‘

شیئر: