انڈیا میں لڑکے نے اپنی دوست کا قتل کیا، لاش کے 35 ٹکڑے کر کے فریزر میں رکھ دیے
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں ایک شخص نے جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر اپنی ساتھی کو قتل کر کے اس کی لاش کے 35 ٹکڑے کیے اور انہیں فریزر میں رکھ دیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 28 سالہ آفتاب امین پونے والا نے پہلے اپنی ساتھی شردھا والکر کی لاش کے ٹکڑوں کو فریزر میں رکھا اور پھر 18 روز تک انہیں دہلی کے قریب ایک جنگل میں ایک ایک کر کے دفن کرتا رہا۔
پولیس افسر انکت چوہان کے مطابق ’ممبئی میں اکٹھے کام کرنے کے دوران اس جوڑے میں محبت ہوئی اور پھر اپنے خاندان والوں کی مخالفت کے بعد مئی میں دہلی شفٹ ہو گئے۔ پھر دونوں میں شادی کے موضوع پر جھگڑا ہوا اور آفتاب نے لڑکی کا گلا گھونٹ کر اسے قتل کر دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملزم نے عورت کی لاش کو فریزر میں رکھا اور مختلف مواقع پر انہیں دفناتا رہا۔‘
شردھا والکر کی عمر 26 برس تھی اور وہ ممبئی کے ایک کال سینٹر میں کام کرتی تھیں جہاں ان کی آفتاب امین سے ملاقات ہوئی اور دونوں اکٹھے رہنے لگے۔ جب ان کے خاندان والوں نے اس رشتے کو قبول نہ کیا تو وہ دہلی آ گئے۔
ستمبر میں شردھا والکر کی ایک دوست نے اس کے بھائی کو بتایا کہ اس کا موبائل پچھلے دو ماہ سے بند ہے۔ نومبر میں لڑکی کے والد معاملے کی جانچ کرنے کے لیے دہلی آئے اور اس فلیٹ کے دروازے پر تالا لگا دیکھا۔
اس کے بعد انہوں نے پولیس کو اغوا کی درخواست دی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ انہیں شردھا والکر نے بتایا تھا کہ آفتاب امین اس پر اکثر تشدد کرتا تھا۔
اس درخواست کے بعد پولیس نے آفتاب امین کو گرفتار کیا اور اس نے تفتیش میں بتایا کہ دونوں کا اکثر جھگڑا ہوتا تھا کیونکہ شرادھا والکر اس کے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی۔
پولیس نے آفتاب امین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جنگل سے لاش کے کچھ ٹکڑے برآمد کیے گئے ہیں، لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ انسانی لاش کے ٹکڑے ہیں۔