سعودی وزارت صحت نے 2021 کے دوران سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ سے رجوع کرنے والوں کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جب کے مطابق ایک کروڑ 14 لاکھ افراد نے ایمرجنسی وارڈ سے رجوع کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ سے رجوع کرنے والے مردوں کی تعداد خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ رجوع کرنے والے مردوں کی شرح 53 فیصد اور خواتین کی شرح 47 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ 60 لاکھ مردوں اور 54 لاکھ خواتین نے ایمرجنسی وارڈ سے استفادہ کیا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ سے رجوع کرنے والے سعودی شہریوں میں مردوں کی تعداد 51 لاکھ اور خواتین کی تعداد 49 لاکھ ریکارڈ کی گئی جبکہ غیرملکی مردوں کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار اور غیرملکی خواتین کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار رہی۔
وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں ایمرجنسی وارڈ سے سب سے زیادہ رجوع کرنے والے مکہ مکرمہ ریجن میں تھے ان کی تعداد 16 لاکھ.ریکارڈ کی گئی جبکہ ریاض ریجن 14 لاکھ افراد کے ساتھ دوسرے اور جازان ریجن 11 لاکھ افراد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
وزارت صحت نے مزید کہا کہ ایمرجنسی وارڈ سے سب سے کم رجوع کرنے والوں کا تعلق الجوف ریجن سے ہے۔ یہاں تین لاکھ 51 ہزار خواتین و حضرات نے ایمرجنسی وارڈ سے رجوع کیا۔