Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئیڈیاز 2022: امارات کی بری فورسز کے کمانڈر کا دورہ

آئیڈیاز 2022 کا 15 نومبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں آغاز ہوا (فوٹو: یو اے ای ایمبیسی)
متحدہ عرب امارات کی بری فورسز کے کمانڈر میجر جنرل سعید راشد الشحی نے کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا دورہ کیا۔
بدھ کو پاکستان میں یو اے ای ایمبیسی کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا کہ اس موقعہ پر ان کے ساتھ اسلام آباد میں تعینات امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا 15 نومبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں آغاز ہوا۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے مطابق 18 نومبر تک جاری رہنے والی چار روزہ نمائش میں دنیا کے 64 ممالک اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوں گے، رواں سال کے آئیڈیاز میں پاکستان سمیت 51 ممالک کے 285 وفود بھی شریک ہو رہے ہیں۔
سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کا آغاز کیا گیا تھا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہورہا ہے۔
ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش کی میزبانی کے لیے کراچی کا انتخاب ہوا، 11ویں آئیڈیاز 15 سے 18 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم بن گیا ہے۔
آئیڈیاز میں اسلحے کی صنعت سے متعلق مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں اور ڈیلرز کو اپنی مصنوعات اور خدمات کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، یہی نہیں بلکہ یہاں دفاعی پیداوار سے متعلق مشترکہ منصوبے، آوٹ سورسنگ اور تعاون پر تبادلہ خیال کے مواقع بھی موجود ہوتے ہیں۔

شیئر: