نور ریاض کے تحت شہر میں لائٹس کے فن پارے نصب
نور ریاض میلے میں یہ شاہکار شہریوں کو دلچسپی کا سامان مہیا کرتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
نور ریاض کے زیر عنوان سعودی دارالحکومت کے قریب خوبصورت اور وسیع وادی حنیفہ میں کھجور کے درختوں کے بیچ بہتی ندی کے کنارے سعودی اور بین الاقوامی فنکاروں کے تخلیقی آرٹ کے متعدد شاہکار بڑے پیمانے پر نصب کر کے سیاحوں اور زائرین کا استقبال کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مختلف رنگ برنگی لائٹوں کے ساتھ روشنی اور فن کے سالانہ پروگرام کے تحت یہ تنصیبات نور ریاض کا حصہ ہیں جو 19 نومبر تک ریاض کے پانچ اہم مراکز میں 40 مقامات پر نمائش کے لیے دکھائی جائیں گی۔
اس پروگرام میں سعودی فنکاروں کے ساتھ ساتھ 40 سے زائد ممالک کے تقریباً 130 بین الاقوامی فنکاروں کے 190 سے زائد فن پارے پیش کیے جا رہے ہیں۔
امریکن/پورٹو ریکن آرٹسٹ گیزیلا کولن کی جانب سے بنائے گئے روشنیوں کے شاہکار کے 'روشنی کی ایک ہزار کہکشاں' کے سامنے یہاں موجود بچوں نے فٹ بال کھیلا۔
یہ خوبصورت شاہکار 100 سیدھی سفید روشنی والی 2.5 میٹر لمبی ٹیوب لائٹس کی بیضوی ترتیب پر مشتمل ہے۔
ریاض میں مقیم کوریوگرافر اور آرٹسٹ سارہ براہیم کی جانب سےوادی حنیفہ کے قریب ایک پل کے نیچے پیش نصب کی گئی ایک سکرین 'ڈی انیما' پر مختلف تصاویر کو نمایاں کیا گیا ہے۔
سارہ براہیم نے بتایا ہے کہ انہوں نے اس کام میں یہ ہنر دکھایا ہے کہ مختلف طریقوں سے روشنی کیسے کسی شئے کے آر پار نظر آتی ہے۔
یہ شاہکار دیکھنے کے لیے آنے والوں کو ہیڈ فون پیش کیے جاتے ہیں جس کے ذریعے وہ تصاویر کو دیکھتے ہوئے مختلف آوازیں بھی سن سکتے ہیں۔
وادی حنیفہ میں ہی نمائش کے لیے رکھا گیا ایک خوبصورت نمونہ 'گھوسٹ آف ٹوڈے اینڈ ٹومارو' کے نام سے سعودی ملٹی میڈیا آرٹسٹ احد المودی کا تیار کردہ ہے جو ایک پرفارمنس انسٹالیشن ہے جو روشنیوں کے ذریعے کردار کو کیریئر کے طور پر دکھاتی ہے۔
نور ریاض کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میگوئل بلانکو کیراسکو نے بتایا ہے ریاض کے درجہ حرارت اور جغرافیہ کی وجہ سے یہ شہر غروب آفتاب کے بعد روشنیوں کے ساتھ خوبصورت نظارہ پیش کرتا ہے، یہاں شام کے بعد بہت سے رہائشی ڈنر کے لیے یا پارکوں میں وقت گزارنے کے لیے نکلتے ہیں۔
نور ریاض میلے کا مقصد بھی ریاض کے مختلف مقامات پر آرٹ کے نمونے نصب کرکے یہاں کے رہائشیوں اور زائرین کے لیے دلچسپی کا سامان مہیا کیا گیا ہے۔
-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں