چھ مختلف مقامات سے 190 انواع کے ایک ہزار 300 جانور لائے گئے ہیں(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تجدید ومرمت کے بعد چڑیا گھر کو عوام کے لیے کھولے جانے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد وہاں آرہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض چڑیا گھر جو ریاض سیزن 2022 کے 15 تفریحی زونز میں شامل ہے، میں چھ مختلف مقامات سے لگ بھگ 190 انواع کے ایک ہزار 300 جانور لائے گئے ہیں۔
ریاض سیزن میں چڑیا گھر کے لیے مخصوص مقام میں شائقین جانوروں کو قریب سے دیکھ سکیں گے اور ان کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوا سکیں گے۔ اس دوران سیاح جانوروں کو خوراک کھلانے کے تجربے کا لطف بھی لے سکیں گے۔
ورچوئل رئیلٹی کے تجربے میں، زائرین اندھیرے والے کمروں میں الووں کے مسکن سے گزر سکتے ہیں، کچھوے کے گھر کا دورہ کر سکتے ہیں، دیواروں پر چڑھ سکتے ہیں، زرافوں کے ساتھ گھل مل سکتے ہیں، اور یہاں تک کہ شیروں کے ساتھ ٹگ آف وار بھی کھیل سکتے ہیں۔
اس موقعے پر دیگر بہت سی سرگرمیاں ہوں گی جن میں دیوار پر چڑھنا، کچھوے کا گھر دیکھنا، زرافے کے ساتھ اٹھکھیلیاں، شیروں کے درمیان بنی شیشے کی سرنگ میں چہل قدمی اور ورچوئل ریالٹی جیسے تجربات شامل ہیں۔
انٹرایکٹو سرگرمیاں بچوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں کہ وہ اپنے پسندیدہ جانور کے طور پر تیار ہو کر چڑیا گھر آ سکیں۔
چڑیا گھر میں لائیو پرفارمنس کے علاوہتھیٹر، فیس پینٹنگ اور فوڈ بوتھس بھی بنائے گئے ہیں۔
اپنے بیٹے کو چڑیا گھر لانے والی سحر الشہری نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ان کا بیٹا جانوروں کو پہلی بار اتنے قریب سے دیکھ کر بہت پرجوش ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میرا بیٹا جانوروں سے محبت کرتا ہے اور میں اس لیے یہاں آئی ہوں تاکہ ہم ایک ساتھ حقیقی زندگی میں جانوروں کو دیکھ کر لطف اندوز ہو سکیں۔ ہم انہیں عام طور پر ٹی وی پر دیکھتے ہیں اورمیں سمجھتی ہوں کہ یہ زون بچوں کے لیے اہم ہے کیونکہ میرے بیٹے کو جانوروں کا شوق ہے اور وہ ان کے بارے میں جاننا چاہتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ یہ سب کچھ ریاض میں ہو رہا ہے جہاں ہم جانوروں کو کھانا کھلا سکتے ہیں‘۔
نو سالہ مقرن القرینی بھی اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ چڑیا گھر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ’ میں پہلی بار ریاض چڑیا گھر میں تمام جانوروں کو دیکھنے آیا ہوں، جیسے خرگوش، بلی، کچھوے، طوطے اور مچھلی وغیرہ‘۔
واضح رہے کہ ریاض چڑیا گھر المالز میں 55 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے جو پہلے ریاض زولوجیکل گارڈنز کے نام سے جانا جاتا تھا۔
یہ 1957 میں شاہ سعود اور سعودی شاہی خاندان کے لیے ایک پرائیویٹ مینیجری کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔
ریاض کے چڑیا گھر1987 میں عام کیا گیا تھا جہاں ایک ہزار 300 مختلف قسم کے جانور موجود تھے۔