مٹن سُوپ میں چاول کیوں؟ دو افراد نے ریسٹورنٹ کے ویٹر کو قتل کردیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہو چکا ہے (فوٹو: انڈیا ٹائمز)
انڈیا کے شہر پونے میں ایک نوجوان ویٹر کو دو گاہکوں نے سُوپ میں چاول ہونے کے باعث قتل کر دیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دو افراد 19 سالہ لڑکے کو قتل کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے۔
منگل کی رات کو پیش آنے والے اس واقعے میں انہوں نے دو مزید افراد کو بھی زخمی کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نشے کی حالت میں تھے اور جب انہوں نے مٹن سُوپ میں چاول دیکھے تو انہیں غصہ آگیا اور ویٹر پر حملہ کردیا۔
اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر دلیپ پوار نے کہا کہ انہوں نے لڑکے کے سر پر چوٹ لگائی جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہو گیا۔
ایک ملزم کی شناخت وجے وگھیر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرے کا نام معلوم نہیں ہو سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہو چکا ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔