سعودی عرب آنے والے انڈین شہریوں سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط ختم
سعودی عرب آنے والے انڈین شہریوں سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط ختم
جمعرات 17 نومبر 2022 18:31
لازمی پی سی سی کا قانون گزشتہ برس سے نافذ کیا گیاتھا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی حکومت نے انڈیا کے شہریوں پرورکنگ ویزے پر مملکت آنے والوں کےلیے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ (پی سی سی) کی شرط ختم کردی۔
نئے ورک ویزے پرآ نے والے کسی بھی انڈین کو سعودی عرب کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے پی سی سی پیش کرنا ضروری نہیں ہوگا۔
عکاظ اخبار کے مطابق انڈیا میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ سعودی عرب اور انڈیا کی سٹراٹیجک شراکت اورمضبوط تعلقات کے تناظر میں انڈین شہریوں سے سعودی عرب سفر کے لیے پولیس کریکٹرسرٹیفکیٹ پیش کرنے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پی سی سی ختم کرنے کا فیصلہ دونوں ملکوں کی طرف سے باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کے مشن کے تحت کیا گیا ہے۔
سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مملکت میں انڈیا کے 20 لاکھ سے زیادہ شہری تعمیر و ترقی کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس پر وہ ہماری جانب سے قدرو منزلت کے مستحق ہیں۔
واضح رہے گزشتہ برس سے سعودی حکام کی جانب سے نئے ورک ویزے پرآنے والے انڈین شہریوں کے لیے پولیس کیریکٹرسرٹیفکیٹ کی شرط عائد کی گئی تھی۔
کیریکٹرسرٹیفکیٹ کے حصول کے حوالے سے انڈین شہریوں کا کہنا تھا کہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں کافی دشواری ہوتی تھی جس میں وقت بھی کافی لگتا تھا۔
پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹ میں اس امر کی تصدیق کی جاتی تھی کہ مذکورہ شخص کا ماضی بے داغ ہے اوروہ کسی قسم کی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں رہا۔