سعودی عرب کا آن لائن سیاحتی ویزہ میڈیکل انشورنس کے ساتھ 5 منٹ میں
جمعرات 17 نومبر 2022 5:25
وزارت انصاف کی 90 فیصد سے زیادہ خدمات آن لائن ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ ستمبر 2019 میں آن لائن سیاحتی ویزے پہلی بار شروع کیے گئے تھے تب سے اب تک 10 لاکھ سے زیادہ آن لائن سیاحتی ویزے جاری ہو چکے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سیاحتی ویزہ سروس کے انچارج انجینیئر ابراہیم السحیم نے ڈیجیٹل گورنمنٹ فورم کے دوران اس حوالے سے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’سیاحتی ویزے کی خاص بات یہ ہے کہ پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں میڈیکل انشورنس کے ساتھ جاری ہو جاتا ہے۔‘
بدھ کو وزارت سیاحت کا مشترکہ پلیٹ فارم جاری کر دیا گیا تھا۔ یہ سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ سیاحتی شعبے کو مربوط کرے گا۔ اس کی بدولت ڈیجیٹل سروسز اور سیاحتی سہولیات سے فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔
وزیر سیاحت نے بتایا کہ دس سے زیادہ سرکاری اداروں کو ایک دوسرے سے مربوط کر دیا گیا ہے۔ اس کی بدولت یہ ادارے 50 سے زیادہ ڈیجیٹل سروسز فراہم کر سکیں گے۔ ان میں سیاحتی سرمایہ کاری کے امکانات سے متعارف کرانے والا معتبر نقشہ اور فوری پرمٹس کا اجرا شامل ہے۔
وزیر بلدیات و دیہی و آباد کاری امور ماجد الحقیل نے فورم سے خطاب میں کہا کہ ان کی وزارت رہائشی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے امیدوار 80 تا 90 ہزار سعودی خاندانوں کی درخواستیں وصول کر رہی ہے۔
وزیر انصاف ولید الصمعانی نے کہا کہ سات برس قبل صرف 15 فیصد عدالتی خدمات کے حوالے سے آن لائن معلومات حاصل کی جا سکتی تھیں مگر اب وزارت انصاف کی 90 فیصد سے زیادہ خدمات آن لائن پیش کی جا رہی ہیں۔
وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات صالح الجاسر نے کہا کہ ان کی وزارت اپنی تمام سروسز کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے مکمل ٹریک تیار کر رہی ہے۔
الجاسر نے توجہ دلائی کہ ٹیکسی سروس ماضی میں مملکت کے صرف آٹھ بڑے شہروں میں مہیا تھی لیکن اب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی بدولت مملکت کے سو سے زیادہ شہروں اور قصبوں میں اس کی سہولت مہیا ہوچکی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں