دبئی کے ہوٹل میں کام کرنے والا انڈین ملازم کروڑ پتی بن گیا
ساجیش نے اپنے ساتھ کام کرنے والے 20 ملازمین کے ساتھ مل کر آن لائن ٹکٹ خریدا (فوٹو: ویو نیوز)
دبئی کے ہوٹل میں کام کرنے والے انڈین شہری کی راتوں رات قسمت چمک اٹھی۔
گلف نیوز کے مطابق ساجیش این ایس نامی انڈین شہری نے بگ ٹِکٹ لایئو ڈرا کے نام سے ہونے والی قرعہ اندازی میں اڑھائی کروڑ امارتی درہم جیت لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ساجیش این ایس دو سال قبل عمان سے دبئی کام کرنے کے لیے منتقل ہوئے، تاہم وہ پچھلے چار سالوں کے دوران ہر ماہ قرعہ اندازی کا ٹکٹ خرید رہے تھے۔
ساجیش نے اپنے ساتھ کام کرنے والے 20 ملازمین کے ساتھ مل کر آن لائن ٹکٹ خریدا جس کے بعد ان کی قسمت کھل گئی اور وہ اڑھائی کروڑ درہم جیت گئے۔
کروڑ پتی بننے کے بعد ساجیش کہتے ہیں کہ ’ہمارے ہوٹل میں 150 سے زیادہ لوگ کام کرتے ہیں، میں جیتی ہوئی رقم کے حصے بنا کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کی مدد کرنا چاہوں گا۔‘
کروڑ پتی بننے کے باوجود ساجیش این ایس ہر ماہ ٹکٹ خریدنے اور قرعہ اندازی میں شامل ہونے کا مزید ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
گلف نیوز کے مطابق آئندہ ماہ دسمبر میں بِگ ٹکٹ کی ہونے والی قرعہ اندازی میں تین کروڑ درہم کا پہلا، 10 لاکھ درہم کا دوسرا، ایک لاکھ درہم کا تیسرا اور 50 ہزار درہم کا چوتھا انعام دیا جائے گا۔