Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن: 27 دنوں 30 لاکھ زائرین کی آمد

نیا ریاض سیزن  21 اکتوبر کو شروع کیا گیا ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے  کہا ہے کہ 27 روز کے دوران ریاض سیزن تھری دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد  30 لاکھ تک پہنچ گئی۔ نیا ریاض سیزن  21 اکتوبر کو ’سوچ سے بالا‘ کے سلوگن کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض سیزن کی مقبولیت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہاں ہر ذوق، ہر مزاج اور ہر عمر کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے متعدد زونز قائم کیے گئے  ہیں۔
اس حوالے سے ’دا گرووز‘ کے نام سے نئے زون کا افتتاح جمعرات 17 نومبر کو کیا گیا۔ اس سے قبل ’ریاض سکائی‘ اور ’ریاض زو‘ کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔
آئندہ ایام  میں مزید زونز کا افتتاح  کیا جائے گا۔ جن میں نمایاں ترین ’لٹل ریاض‘،  قریہ زمان (پرانے دور کی بستی)، ’وین فیسٹیول‘ اور ’بولیوارڈ ورلڈ زون قابل ذکر ہیں۔ ان میں ایشیا، شمالی امریکہ، یورپ اور افریقی براعظموں کی ثقافتوں سے روشناس کرایا جائے گا۔  
نئے ریاض سیزن کی مقبولیت کا ایک راز یہ بھی ہے کہ  یہاں مختلف قسم کے ڈرامے اسٹیج کیے جارہے ہیں جن میں کامیڈین بھی ہیں۔ کنسرٹس کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ سرکس کے شوز بھی ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں الیکٹرانک گیمز اور پپٹ شوز بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔ بین الاقوامی میلوں، نمائشوں، انواع و اقسام کے قہوہ خانوں اور ریستورانوں نے بھی دھوم مچا رکھی ہے۔ 
ریاض سیزن 2022 منفرد قسم کے پروگرام پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں بلیک ہاٹ پروگرام منگل کو شروع کیا گیا جو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ آج جمعرات کو اس کا آخری دن ہے۔ دنیا بھر میں سائبر سیکیورٹی کے نامور ماہرین شرکت کررہے ہیں۔ 
ریاض سیزن 2022 داخلی و خارجی سیاحوں کو منفرد تفریحات کی سہولت فراہم کررہا ہے۔  یہ عظیم الشان کاروباری مواقع بھی مہیا کررہا ہے۔ مقامی کمپنیاں سرمایہ لگا کر شائقین سے خوب کما رہی ہیں۔ غیرملکی سرمایہ کار بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ 

ریاض سیزن 2022  میں منفرد  پروگرام پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

ریاض سیزن  2022 رنگا رنگ  15 تفریحاتی زونز کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی مصنوعی جھیل بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ اسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔  چیئرلفٹ کے  ذریعے آنے جانے کی سہولت بھی بڑی پسند کی جارہی ہے۔ انٹرنیشنل سرکس ڈوسولیے کے شو دیکھنے کے لیے بے شمار لوگ پہنچ رہے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ای جیسے سپورٹس پروگرام بھی ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں  35 روزہ آتشبازی کی  چمک دمک بھی شائقین کو ریاض سیزن  2022 دیکھنے کے لیے آنے کی تحریک دے رہی ہے۔ سعودی اور عرب تھیٹرز کا انتخاب بھی پسند کیا جارہا ہے۔ متعدد کنسرٹس ملکی و بین الاقوامی، نمائشیں، خوشبویات و گیمز کے پروگرام بھی دلچسپی کا باعث بن رہے ہیں۔ عام افراد، بچے ، خواتین اور بڑی عمر کے افراد سب کی پسند کی سرگرمیاں ریاض سیزن میں ہورہی ہیں۔ 

شیئر: