انٹرنیشنل ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان کےلیے اعزاز
اتوار 20 نومبر 2022 23:11
ریڈ سی فلم فیسٹیول ٹو کا افتتاح یکم سے دس دسمبر کے دوران ہوگا( فوٹو العربیہ)
انٹرنیشنل ریڈ سی فلم فیسٹیول نے کہا ہے کہ بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کو فلمی صنعت میں ان کی منفرد اور شاندار خدمات پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق ریڈ سی فلم فیسٹیول ٹو کا افتتاح یکم سے دس دسمبر کے دوران بحیرہ احمر کے مشرقی ساحل پر کیا جائے گا۔
فیسٹول میں131 فلمیں پیش کی جائیں گی۔ مختلف زبانوں میں 61 ممالک کی مختصر اور طویل دورانیہ کی فلمیں پیش ہوں گی۔ 41 زبانوں کی فلمیں فیسٹیول کا حصہ ہوں گی۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمد الترکی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ شاہ رخ خان جیسے سٹار کی عزت افزائی کا موقع مل رہا ہے۔ وہ منفرد صلاحیت کے مالک اور فلمی دنیا کی ممتازشخصیات میں سے ایک ہیں۔
بالی وڈ سٹارشاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ’ میں اس عزت افزائی کے لیے بے حد ممنون ہوں۔ مجھے انٹرنیشنل ریڈ سی فلم فیسٹیول ٹو کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کرکے دلی مسرت ہوگی’۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ’ سعودی شائقین اور خطے کے تمام ممالک کے پرستاروں کے درمیان موجودگی خوشی کی بات ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ برسہا برس سے اداکاری کے اس سفر میں پرستاروں کا بڑا حصہ ہے‘۔
یاد رہے کہ بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان 30 سال سے فلم انڈسٹری پر راج کر رہےہیں۔
شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر میں لازوال فلمیں دی ہیں جنھوں نے باکس آفس پر دھوم مچائی ہے۔ ان کے پرستار دنیا بھر میں ہیں۔