Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی سالگرہ پر ’پٹھان‘ کا ٹیزر جاری

آج نومبر کی دو تاریخ ہی نہیں بلکہ فلم شائقین خصوصاً شاہ رخ خان کے مداحوں کو دوہری خوشی بھی ملی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک تو آج بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کا جنم دن ہے اور دوسرا ان کی ’پٹھان‘ فلم کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔
 پٹھان کا ٹیزز اس بھاری آواز کے ساتھ شروع ہوتا ہے ’تم پٹھان کے بارے میں کیا جانتے ہو۔‘
اس کے بعد ابھرنے والے مناظر سے کُھلتا ہے کہ تین سال قبل پچھلے مشن کے دوران گرفتاری اور تشدد کے بعد سے اس کا کوئی کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔
اس کے اگلے ہی منظر میں شاہ رخ خان کچھ یوں دکھائی دیتے ہیں کہ وہ صرف زندہ ہی نہیں بلکہ پہلے سے بہت بڑھ کر بھی ہیں۔

فلم میں جان ابراہم اور دیپکا پاڈوکون بھی دکھائی دیں گے (فوٹو: شوبز تماشا)

ٹیزر میں کچھ ایسے ہائی فائی تھرلنگ مناظر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں جس میں شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون ایکشن میں دکھائی دیتے ہیں۔
اسی طرح شاہ رخ خان اور جان ابراہم کے درمیان فائٹ کا منظر بھی ٹیزر کا حصہ ہے۔
ٹیزر شاہ رخ خان کے اس ڈائیلاگ کے ساتھ ختم ہوتا ہے ’اپنی سیٹ بیلٹس باندھ لیجیے، طوفان آنے کو ہے۔‘
شاہ رخان نے سوشل میڈیا پر پٹھان کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے بھی یہی الفاظ صرف اس اضافے کے ساتھ لکھے ہیں ’پٹھان کا ٹیزر آ گیا۔‘

شاہ رخ خان نے مبارک باد کے لیے آنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا (فوٹو: شاہ رخ خان، ٹوئٹر)

’پٹھان‘ اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہو گی جو ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو زبان میں بھی ہو گی۔
یہ شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون کی چوتھی فلم ہے جس میں دونوں نے اکٹھے کام کیا ہے۔
دیپکا پاڈوکون نے 2007 میں اپنی پہلی ہی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ’ہیپی نیو ایئر‘ اور ’چنائے ایکسپریس‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔
یہ تمام فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

پٹھان میں شاہ رخان خان اور جان ابراہم پہلی بار ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
اس فلم کو سدھارتھ آنند نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ پروڈیوسر یش راج ہیں۔
شاہ رخ خان 57 ویں سالگرہ پر گھر کے باہر جمع ہونے والے فینز کے سامنے بھی آئے اور ہاتھ اٹھا کر ان کی محبتوں کا جواب دیا۔
 اسی طرح مداح سوشل میڈیا پر سٹار کو مبارک بادیں دے رہے ہیں۔

انڈین صحافی ناویکا کمار نے شاہ رخ کے ساتھ اپنی تصویریں شیئر کرتے ہوئے ان کی فلم یس باس کے گانے کا مصرعہ لکھا ’بس اتنا سا خواب ہے۔‘
ویوک اوشتی نے اداکار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’تمام سینماؤں اور لوگوں کے دلوں کے بادشاہ کو سالگرہ مبارک‘
انیکت نے اداکار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک ویڈیو لگائی اور ساتھ لکھا کہ ’بالی وڈ نے انہیں مشہور نہیں کیا بلکہ انہوں نے بالی وڈ کو مشہور کیا۔‘

شیئر: