Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: مورگن فری مین کا بایاں ہاتھ توجہ کا مرکز کیوں بنا؟

مورگن فری مین کو 2008 سے اپنے بائیں ہاتھ پر خاکستری رنگ کا دستانہ پہننا پڑ رہا ہے(فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں ہونے والی فیفا ورلڈ کپ 2022 کی افتتاحی تقریب میں مشہور ہالی وُڈ فلم سٹار مورگن فری مین کی انٹری نے ناظرین و شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔
عربی جریدے ’سیّدتی‘ کے مطابق 20 نومبر کو ہونے والی فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں جس چیز نے ناظرین کو سب سے زیادہ حیران کیا وہ مورگن فری مین کا بایاں ہاتھ تھا جسے انہوں نے ڈھانپ رکھا تھا۔
افتتاحی تقریب میں موجود شائقین کے ذہنوں میں سوال پیدا ہوا کہ لیجنڈ اداکار نے اپنا بایاں ہاتھ کیوں ڈھانپ رکھا ہے۔
اس حوالے سے ’سیّدتی‘ میگزین نے مغربی ذرائع ابلاغ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ مورگن فری مین کو 2008 میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد سے اپنے بائیں ہاتھ پر خاکستری رنگ کا دستانہ پہننا پڑ رہا ہے۔
اس وقت مورگن فری مین کی کار سڑک سے پھسل کر کئی مرتبہ الٹنے کے بعد ایک گہری کھائی میں جا گری تھی۔
اس حادثے میں مورگن فری مین شدید زخمی ہو گئے تھے۔ جب انہیں ہسپتال پہنچایا گیا تو پتا چلا کہ ان کی بایاں ہاتھ شل ہو چکا ہے۔
ان کے ہاتھ کی رگیں متاثر ہو گئی تھیں جن کے علاج کی کافی کوشش کی گئی۔
مورگن فری مین نے 2010 میں بتایا تھا کہ ’میرے ہاتھ کی رگیں ضائع ہو گئی ہیں اور پھر وہ ٹھیک نہیں ہو سکیں، اس لیے میں ہاتھ کو ہلا نہیں سکتا۔‘

شیئر: