جدہ میں سلیمانیہ حرمین ٹرین سٹیشن کے لیے بس سروس
بلد سے حرمین ایکسپریس سٹیشن سلیمانیہ کے لیے 42 بسیں چلائی جائیں گی(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جدہ مواصلات کمپنی نے کہا ہے کہ ’السلیمانیہ حرمین ایکسپریس ٹرین سٹیشن کو پبلک ٹرانسپورٹ سروس سے مربوط کردیا گیا ہے‘۔
موجودہ روٹس پر چلنے والی بسیں حرمین ایکسپریس ٹرین سٹیشن تک مسافروں کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کریں گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ مواصلات کمپنی نےاس سہولت کا اہتمام سعودی ریلوے کمپنی سار کے ساتھ شراکت کے معاہدے کے تحت کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ’ روزانہ بلد سے حرمین ایکسپریس سٹیشن سلیمانیہ کے لیے 42 بسیں چلائی جائیں گی۔ ہر پچاس منٹ پر ایک بس سٹیشن جائے گی اور وہاں سے روانہ ہوگی۔ یکطرفہ کرایہ 3.45 ریال مقرر کیا گیا ہے‘۔
جدہ مواصلات کمپنی نے بیان میں کہا کہ’ بسیں روزانہ صبح 7 بجکر 15 منٹ سے رات بارہ بجے تک مہیا ہوں گی۔ روزانہ 17 گھنٹے بس سروس فراہم کی جائے گی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ بس کا روٹ جاتے وقت بلد التاریخیہ سے شروع ہوگا، البغدادیہ سے ہوتے ہوئے کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی وہاں سے السلام مولِ اور پھر الحرمین ٹرین سٹیشن تک جائے گی۔ واپسی میں بھی یہی روٹ رہے گا۔‘
پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے تحت اس سے قبل کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے بھی بس سروس کا انتظام کیا جاچکا ہے۔ یہ کام مطارات جدہ کمپنی اور پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی ساپٹکو کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ کے لیے بس سروس چوبیس گھنٹے ہے۔ جدہ شہر کے مرکزی علاقے کو ایئرپورٹ سے جوڑ دیا گیا ہے۔ مسافروں کے لیے ایئرپورٹ آمد ورفت کے حوالے سے مختلف آپشن موجود ہیں۔
مسافر ’ساپٹکو ایپ‘ کے ذریعے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ سپیشل سیلز پوائنٹ سے بھی ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں۔