Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹی بس سروس کے لیے شرائط جاری، خلاف ورزی پر جرمانے ہوں گے

پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سٹی بس سروس کےلیے 7 شرائط مقرر کی ہیں( فائل فوٹو عکاظ)
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’سٹی بسوں کی انتہائی عمر دس سال مقرر کی گئی ہے۔ اس سے زیادہ چلانے پر پانچ ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔‘ 
عکاظ اخبارکے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سٹی بس سروس کے حوالے سے 7 شرائط مقرر کی ہیں۔
سٹی بس سروس کے لیے پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔ سٹی بس سروس چلانے والا ادارہ کسی اور کے حق میں اپنے طور پردستبردار نہیں ہوسکتا۔ اس کے لیے اسے پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور سٹی بس سروس انتظامیہ کی منظوری لینا ہوگی۔ 
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ’ شرائط و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے انسپکٹرز کا تقرر کیا گیا ہے‘۔
سعودی سرکاری گزٹ ام القری نے سٹی بس سروس کے حوالے سے مقرر شرائط شائع کی ہیں۔ ان کا تعلق سٹی بس سروس کمپنی یا ادارے، ڈرائیور، بس لائسنس کے اجرا، تجدید اور منسوخی وغیرہ سے ہے۔ 
سرکاری گزٹ میں خلاف ورزیوں کا چارٹ اور ان پر مقررجرمانوں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔ 
 اگر کسی کمپنی یا ادارے نے سٹی بس سروس  پرمٹ کے بغیر بس چلائی گئی تو اس پر 3 سے 5 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ پرمٹ کی میعاد ختم ہونے کے باجود کام کرنے والے پر پانچ ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ معطلی کے دوران سروس جاری رکھنے پر چار ہزار ریال جرمانہ ہے۔
شہرمیں بس سروس سینٹر قائم نہ کرنے پر پانچ ہزار، بس ڈپو کا انتظام نہ کرنے پر پانچ ہزار، الیکٹرانک سسٹم کا اہتمام نہ کرنے پر پانچ ہزار، مقررہ سٹینڈرڈز کےبغیر بس چلانے پر پانچ ہزارریال کا جرمانہ ہوگا۔ 
 پرمٹ کے بغیر ڈرائیور رکھنے پر تین ہزارریال، پرمٹ کی میعاد ختم ہونے کے باجود ڈرائیور سے کام لینے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔  
مختلف خلاف ورزیوں پر ایک ہزار سے پانچ ہزار ریال تک کے جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔

شیئر: