مدینہ منورہ میں عوامی بس سروس کا تجرباتی آغاز
جمعرات 24 مارچ 2022 21:28
عوامی بس سروس 4 روٹس پرچلائی جائے گی(فوٹو، ایس پی اے)
مدینہ منورہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مسجد نبوی شریف کے زائرین اور مدینہ منورہ کے باشندوں کی سہولت کےلیےعوامی بس سروس کے تجرباتی اہم روٹس کا آپریشن مکمل کر لیا ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بس سروس کے پہلے روٹ کا تجرباتی افتتاح یکم مارچ کو کیا گیا تھا۔ اس سے قبل گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان کی سرپرستی میں جو اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں ۔ مدینہ بس سروس کے معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔
بس سروس کے 4 بڑے روٹس پر106 بس سٹینڈ ہیں ۔ موجودہ مرحلے میں ان روٹس پر 27 بسیں چلائی جا رہی ہیں ۔
اتھارٹی چاہتی ہے کہ مدینہ منورہ کے شمالی علاقے کو جنوبی علاقے اور مشرقی علاقے کو مغربی علاقے سے جوڑنے والے چار اہم روٹس پر بسیں چلائی جائیں ۔ یہ بسیں مسجد نبوی سے ہوکر گزریں گی ۔
اتھارٹی یہ بھی چاہتی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ سروس کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہو اور اس سے زیادہ سے زیادہ افراد فائدہ اٹھائیں ۔
تجرباتی سکیم کے مطابق روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہفتے کے ساتوں دن تمام روٹس پر بس سروس مہیا ہو گی جبکہ امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کےلیے پہلے روٹ پر بس سروس 24 گھنٹے مہیا ہوگی ۔ اس پر ایئرپورٹ سے مسجد نبوی اور وہاں سے ایئرپورٹ کےلیے بس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ 15 منٹ کے اندر اندر زائر ایئرپورٹ سے مسجد نبوی پہنچ جاتا ہے ۔
اتھارٹی چاہتی ہے کہ مسجد نبوی کےلیے بس شٹل سروس کی کارکردگی عمدہ ہواور زائرین کورمضان المبارک میں خاص طور پر مسجد نبوی آنے جانے میں مکمل سہولت حاصل رہے ۔