پاکستان کے ساتھ سیریز میں میچ فکسنگ کا الزام، آئی سی سی تحقیقات کرے: سری لنکا
پاکستان کے خلاف سیریز رواں سال سری لنکا کے معاشی بحران کے عروج کے دوران گال میں کھیلی گئی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اس نے کھیل کی عالمی گورننگ باڈی (آئی سی سی) کو پاکستان کے رواں سال جولائی میں دورہ سری لنکا سے پیدا ہونے والے میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لیے درخواست کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو سری لنکن کرکٹ بورڈ نے یہ اقدام حزب اختلاف کے قانون ساز نلین بندارا کے پارلیمنٹ میں یہ دعویٰ کرنے کے چند ہفتوں بعد اٹھایا ہے کہ ’دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز جو 1-1 سے ڈرا ہوئی تھی، فکس تھی۔‘
بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انسداد بدعنوانی کے سربراہ ایلکس مارشل سے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کا دورہ کریں اور اس الزام کی تحقیقات کریں، جس نے ’ان کی ساکھ کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔‘
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق وہ کرکٹ میں راست بازی کے لیے پرعزم ہے اور سمجھتا ہے کہ آئی سی سی سے تحقیقات کروانا ’حالیہ الزامات کی روشنی میں درست طریقہ کار ہے۔‘
واضح رہے سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم گزشتہ کئی برسوں سے بدعنوانی کے الزامات اور لڑائی جھگڑے سے متاثرہ ہے۔
سابق وزیر کھیل ہرین فرنینڈو کے مطابق آئی سی سی سری لنکا کو دنیا کے بدعنوان ترین ممالک میں سے ایک سمجھتا ہے۔
پاکستان کے خلاف سیریز رواں سال سری لنکا کے معاشی بحران کے عروج کے دوران گال میں کھیلی گئی تھی۔