احتیاطی اقدام کے تحت پہاڑی راستہ عارضی طورپربند کیا گیاہے(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ کی طرح طائف میں بھی جمعرات کو موسلا دھار بارش ہوئی۔ اطراف کا علاقہ بھی بارش سے جھل تھل ہوگیا۔
روڈ سیکیورٹی فورس نے طائف آنے جانے والی پہاری شاہراہ الھدا کواحتیاطی طورپر عارضی طور پر بند کردیا۔
طائف کے متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش کے مسائل سے بچانے کے لیے طائف کو مکہ مکرمہ سے جوڑنے والے الھدا، جبل الکر روڈ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق روڈ سیکیورٹی فورس نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر اس حوالے سے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ الھدا روڈ سے آنے جانے والوں کی سلامتی کی خاطر روڈ بند کیا گیا ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل نے کہا ہے کہ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی بارش کے دوران اختیار کی جانے والی حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ وادیوں اور ایسے نشیبی مقامات سے دور رہیں جہاں پانی جمع ہو۔ بجلی کے کھمبوں سے بھی دور رہا جائے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف خصوصا الھدا روڈ پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دن میں کہیں بوندا باندی ہوئی اور کہیں درمیانی درجے کی بارش ہوتی رہی۔ پورے علاقے پر دھند چھائی ہوئی ہے۔
طائف میونسپلٹی کی ٹیموں نے انڈر پاسز میں جمع پانی کو کھینچنے کے لیے خصوصی اہتمام کیا۔ نکاسی آب کے نیٹ ورک کے دہانے کھولنے کے لیے سپیشل ٹیمیں بھیجیں۔