جدہ میں شدید بارش نے 2009 کا ریکارڈ توڑ دیا، دو افراد ہلاک
جدہ میں شدید بارش نے 2009 کا ریکارڈ توڑ دیا، دو افراد ہلاک
جمعرات 24 نومبر 2022 18:41
سعودی عرب کے بین الاقوامی ساحلی شہر جدہ میں جمعرات کی بارش نے 2009 میں ہونے والی خوفناک بارش کا ریکارڈ توڑ دیا۔
جمعرات کو ہونے والی طوفانی بارش سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔
مکہ مکرمہ ریجن میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد القرنی نے کہا ہے کہ جدہ میں جمعرات کو موسلا دھار بارش اور سیلاب سے 2 افراد ہلاک ہوئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق 2009 میں بارش سے پورے شہر کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوگیا تھا اور یہاں آباد سعودی اور مقیم غیرملکی جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث کئی ہفتے تک مشکلات سے دوچار ہوئے تھے۔
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جدہ میں جمعرات کی صبح 8 بجے سے دوپہر دو بجے تک 179 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ 2009 میں جو بارش ہوئی تھی اس کا ریکارڈ آج کی بارش نے توڑ دیا۔
دریں اثنا الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئےہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد القرنی نے مکہ ریجن کے باشندوں کو تاکید کی کہ وہ نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ برساتی نالوں اور سیلاب زدہ مقامات سے دور رہیں۔
القرنی نے متنبہ کیا کہ جدہ شہر کے باشندے کمشنری کے مشرق میں واقع پہاڑی مقامات سے آنے والے سیلاب سے ہوشیار رہیں۔
انہوں نے سخت تاکید کرتے ہوئے کہاکہ سب لوگ انتہائی ضرورت کے تحت ہی گھروں سے باہر نکلیں اور محفوظ مقامات تک خود کو محدود رکھیں۔
مکہ مکرمہ ریجن میں جمعرات کو بارش ہوئی کہیں درمیانے درجے کی اور کہیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ 8 گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہا جس سے متعدد مسائل پیدا ہوئے۔
مقامی حکام نے عوام کو مسائل سے بچانے کے لیے کئی انڈر پاس بند کردیے۔ خاص طور پر المنتزھات پل کی جانب سے کنگ عبداللہ بریج کی طرف جانے والے الحرمین روڈ کو دونوں جانب سے بند کردیا گیا ہے۔