سعودی خبررساں ادارے ‘ایس پی اے’ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ماتحت آپریشنل اینڈ مینٹیننس ایجنسی شاہراہوں، ذیلی سڑکوں اور چوراہوں کے حوالے سے بارش کی نکاسی کے نیٹ ورک کو موثر بنانے کے آپریشن کی نگرانی کررہی ہے۔
گزشتہ دنوں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے بارش کی نکاسی کے نیٹ ورک میں جمع ریت اور کباڑ کی صفائی بھی انتظام کیا گیا۔
میونسپلٹی حکام نے شہر کے ہر حصے میں جدید آلات سے لیس ورکنگ ٹیمیں تعینات کردیں۔ بارش کے پانی کو جذب کرنے کے لیے 52 ٹینکر فراہم کیے گئے۔ ان میں ایک لاکھ 94 ہزار گیلن پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے۔ کثیر المقاصد 89 ٹرک ورکنگ ٹیموں کے حوالے کیے گئے تاکہ شہر کی سڑکوں پر جمع پانی صاف کیا جاسکے۔
مکہ میونسپلٹی نے بارش سے جمع ہونے والے کباڑ کی صفائی کے لیے نئے آلات سے لیس متعدد فیلڈ ٹیمیں بھی تعینات کی ہیں۔ انہیں 520 مشینیں دی گئی ہیں۔ مکہ میونسپلٹی نے اطمینان دلایا ہے کہ یہ ٹیمیں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں۔ بارش کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے تک ڈیوٹی پر ہوں گی۔
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ میں بارش کی نکاسی کا دیوہیکل نیٹ ورک قائم ہے۔ نیٹ ورک کی مجموعی لمبائی 540 کلو میٹر کے لگ بھگ ہے۔ یہ مکہ مکرمہ کے تمام محلوں کے علاوہ منی، مزدلفہ اور عرفات کا بھی احاطہ کیے ہوئے ہے۔